Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’رنویر اور مجھے بچے بہت پسند ہیں‘، دیپکا پاڈوکون

گزشتہ برس نومبر میں دیپکا پاڈوکون اور رنویر سنگھ نے یورپ میں اپنی شادی کی پانچویں سالگرہ منائی تھی (فائل فوٹو: اے ایف پی)
بالی وُڈ کی سپرسٹار دیپکا پاڈوکون نے کہا ہے کہ انہیں اور اُن کے شوہر رنویر سنگھ کو بچے بہت پسند ہیں اور وہ اپنی فیملی شروع کرنے کا انتظار کر رہے ہیں۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق دیپکا پاڈوکون نے ’ووگ‘ کو دیے گئے اپنے حالیہ انٹرویو میں ماں بننے کی خواہش کا اظہار کیا۔
دیپکا پاڈوکون سے جب ماں بننے کا سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ ’بالکل، رنویر اور مجھے بچے بہت پسند ہیں۔ ہم اُس دن کا انتظار کر رہے ہیں جب ہم اپنی فیملی شروع کریں گے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’جب میں اپنے قریبی لوگوں کو ملتی ہوں جن میں میری خالائیں، ماموں اور فیملی کے دوست شامل ہیں تو وہ کہتے ہیں کہ میں بالکل بھی تبدیل  نہیں ہوئی ہوں۔‘
وہ مزید کہتی ہیں کہ ’یہ بات میری پرورش کے بارے میں بہت کچھ بتاتی ہے۔ اس انڈسٹری میں مقبولیت اور پیسے کے ساتھ بہت جلدی تبدیل ہوا جا سکتا ہے لیکن مجھے گھر پر کوئی بھی سلیبریٹی نہیں مانتا۔‘
دیپکا پاڈوکون نے انٹرویو میں مزید کہا کہ ’میں پہلے ایک بیٹی اور بہن ہوں۔ میں تبدیل نہیں ہونا چاہتی۔ مجھے میری فیملی نے عاجزی سکھائی ہے اور رنویر اور میں یہ باتیں اپنے بچوں کو سکھانا چاہیں گے۔‘
دوسری جانب گزشتہ برس نومبر میں دیپکا پاڈوکون اور رنویر سنگھ نے یورپ میں اپنی شادی کی پانچویں سالگرہ منائی تھی۔
اس جوڑے کی شادی 14 نومبر 2018 کو اٹلی میں ہوئی تھی۔
اُدھر دیپکا پاڈوکون کی نئی فلم ’فائٹر‘ بھی 25 جنوری کو انڈیا سمیت دنیا بھر کے سنیما گھروں کی زینت بننے کو تیار ہے۔
 
اس فلم کی مرکزی کاسٹ میں ریتک روشن، دیپکا پاڈوکون، انیل کپور اور کرن سنگھ گروور شامل ہیں جبکہ فلم کی ہدایتکاری سدھارتھ آنند نے کی ہے۔
 
اس فلم کی کہانی شمشیر پٹھانیا نامی پائلٹ کے گرد گھومتی ہے جو انڈین ایئر فورس کا پائلٹ بننے کا خواب پورا کرتے ہیں۔
 
خیال رہے اس فلم کے ذریعے دیپکا پاڈوکون اپنے کیریئر میں پہلی مرتبہ ریتک روشن کے ساتھ بڑے پردے پر نظر آئیں گی۔
اس کے علاوہ دیپکا پاڈوکون رواں برس جنوبی انڈیا کے سپرسٹار پربھاس اور ہندی فلموں کے شہنشاہ امیتابھ بچن کے ساتھ فلم ’کالکی 2898 اے ڈی‘ میں بھی نظر آئیں گی۔
اس کے علاوہ سپرسٹار اداکارہ ہالی وُڈ کی فلم ’دی انٹرن‘ کے ہندی ریمیک میں بھی امیتابھ بچن کے ساتھ کام کریں گی۔

شیئر: