Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’جے شری رام‘ کے نعروں پر ممبئی میں تصادم، 5 افراد گرفتار

جھگڑے کے بعد پولیس موقع پر پہنچ گئی اور صورتحال کو سنبھالا۔ (فائل فوٹو: ٹائمز آف انڈیا)
ایودھیا میں ہندو مذہب کے دیوتا رام کی ’پران پرتیستھا‘ سے قبل د ممبئی کے مضافاتی علاقے میرا روڈ میں دو برادریوں کے درمیان جھگڑے کے بعد کچھ دیر کے لیے کشیدگی کا ماحول رہا۔
انڈین اخبار دکن ہیرالڈ کے مطابق یہ واقعہ اتوار کی رات کو پیش آیا تاہم پیر کی صبح حالات معمول میں آ گئے۔
رپورٹس کے مطابق زعفرانی رنگ کے جھنڈے لگی گاڑیوں میں سوار کچھ افراد نے مبینہ طور پر نعرے لگائے تھے۔ اس کے بعد دوسری کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے افراد سے ان کی تلخ کلامی ہو گئی جو بعد میں تصادم میں بدل گئی۔
اس جھگڑے کے بعد پولیس موقع پر پہنچ گئی اور صورتحال کو سنبھالا۔
نیا نگر پولیس سٹیشن میں پانچ افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا جنہیں بعد میں گرفتار کر لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس کے سربراہی میں واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
اس جھگڑے کی ویڈیو بعد میں سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی جس پر لوگوں کا سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ایم ایل اے نتیش رانے نے کہا کہ ’مِیرا روڈ میں جو کچھ ہوا یاد رکھیں، سخت ردعمل سامنے آئے گا۔‘
امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر علاقے میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی جبکہ فسادات پر قابو پانے والی پولیس (آر سی پی) کی ایک پلاٹون کو بھی تعینات کیا گیا۔

شیئر: