Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایم کیو ایم کا ہوائی جہاز کے ذریعے الیکشن مہم چلانے کا فیصلہ

ایم کیو ایم پاکستان نے سندھ کے شہر کراچی، حیدر آباد، میرپور خاص اور نوابشاہ میں انتخابی مہم فضا سے چلانے کا فیصلہ کیا ہے اور امیدواروں کے پوسٹرز اور پمفلٹ ہوائی جہاز کے ذریعے ان شہروں میں گرائے جائیں گے۔
پاکستان میں پرائیویٹ جیٹ فراہم کرنے والی کمپنی ’سکائی ونگ‘ کے چیف آپریٹنگ افسر عمران اسلم خان نے اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان کے صوبہ سندھ کے شہر نواب شاہ سے ایم کیو ایم سے تعلق رکھنے والے امیدوار سید سجاد حسین شاہ کی جانب سے 3 اور 4 فروری کو چھوٹا پرائیویٹ جہاز بک کروایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ طیارہ سندھ کے شہر نواب شاہ سے سندھ کے مختلف شہروں کی حدود میں پرواز کرے گا اور انتخابی مہم چلائے گا۔
انتخابی مہم کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس سے قبل بھی ملک کے مختلف حصوں میں ہوائی جہاز سے انتخابی مہم سمیت تشہیری مہم چلائی جاچکی ہے۔ پاکستان کا ایوی ایشن قانون اس بات کی اجازت دیتا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس سلسلے میں سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے انہیں اجازت دے دی گئی ہے۔
عمران اسلم کا کہنا تھا کہ سکائی ونگ کی جانب سے نواب شاہ کے ڈپٹی کمشنر کو ایک خط بھی لکھا گیا ہے تاکہ اس انتخابی مہم سے قبل تمام قانونی ضابطے پورے کرلیے جائیں۔
ترجمان ایم کیو ایم پاکستان احسن غوری کا کہنا ہے کہ متحدہ کے امیدوار اپنے اپنے حلقوں میں عوام کے لیے مختلف طریقوں سے انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے امیدوار آئین اور قانون کے تحت الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق میں رہتے ہوئے سیاسی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ نواب شاہ سے تعلق رکھنے والے امیدوار نے اپنے حلقے کے ووٹرز کے لیے فضا سے انتخابی مہم چلانے کی تجویز دی ہے۔ انہوں نے پارٹی قیادت کو اعتماد میں لیتے ہوئے یہ فیصلہ کیا ہے۔
سول ایوی ایشن حکام کے مطابق کمشنر کراچی کو لکھے گئے ایک خط کی کاپی سول ایوی ایشن کو بھی ارسال ہوئی ہے جس میں فضائی حدود میں انتخابی مہم چلانے کی اجازت مانگی گئی ہے۔

شیئر: