Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا کو فائنل میں ہرا کر آسٹریلیا انڈر 19 ورلڈ کپ کا چیمپیئن بن گیا

آسٹریلیا کی جانب سے فائنل میں ہرجاس سنگھ 55 رنز بنا کر نمایاں رہے (فوٹو: اے ایف پی)
آسٹریلیا نے انڈر 19 ورلڈ کپ کے فائنل میں انڈیا کو 79 رنز سے شکست دے کر چیمپیئن بننے اعزاز حاصل کر لیا۔
اتوار کو جنوبی افریقہ کے شہر بینونی میں کھیلے گئے انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 253 رنز بنائے۔
آسٹریلیا کی جانب سے ہرجاس سنگھ نے 55، کپتان ہیوج وِیبگین نے 48 جبکہ اولیور پِیک نے 46 رنز بنائے۔
انڈیا کی طرف سے راج لمبانی نے تین، نمن تیواری نے دو جبکہ ساومے پانڈے نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
انڈیا کے آدرش سنگھ نے 47 رنز بنائے، ان کے علاوہ کوئی بھی بیٹر آسٹریلوی بولرز کی تباہ کن بولنگ کا سامنا نہیں کر سکا اور ایک، ایک کرکے تمام پویلین لوٹتے گئے۔
انڈیا کی تمام تر امیدیں آدرش سنگھ سے وابستہ تھیں لیکن جب وہ 115 کے مجموعی سکور پر آؤٹ ہوئے تو انڈیا کی میچ جیتنے کی امیدیں دھری کی دھری رہ گئیں۔
مروگن ابھیشک نے 42 رنز بنا کر کچھ مزاحمت دکھائی لیکن اس کے باوجود پوری انڈین ٹیم 174 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
اگر انڈیا آج آسٹریلیا کو فائنل میں شکست دینے میں کامیاب ہو جاتا تو انڈین ٹیم مجموعی طور پر چھٹی مرتبہ یہ ٹائٹل اپنے نام کر لیتی۔
آسٹریلیا نے فائنل میں انڈیا کو ہرا کر چوتھی مرتبہ یہ ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
اس سے قبل آسٹریلیا اور انڈیا کی ٹیمیں دو مرتبہ انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل میں آمنے سامنے آئیں جن میں دونوں مرتبہ انڈیا نے کامیابی حاصل کی۔
انڈیا نے آسٹریلیا کو 2012 اور 2018 کے انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ میں شکست دی تھی۔

شیئر: