پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ پانچ آزاد ارکان پنجاب اسمبلی کی ن لیگ اور آئی پی پی میں شمولیت
پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ پانچ نو منتخب آزاد ارکان پنجاب اسمبلی نے مسلم لیگ ن اور استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔
مسلم لیگ ن کی جانب سے بدھ کو جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق ان کی جماعت میں شامل ہونے والوں میں شازیہ حیات ترین اور غلام اصغر خان شامل ہیں۔
پی پی 225 سے پاکستان تحریک انصاف کی نامزد آزاد امیدوار شازیہ حیات ترین نے 69 ہزار 799 ووٹ حاصل کر کے کامیابی اپنے نام کی۔
اسی طرح پی پی 283 سے پاکستان تحریک انصاف کے نامزد آزاد امیدوار غلام اصغر خان نے 56 ہزار 985 ووٹ لے کر جیت اپنے نام کی۔
دوسری جانب پاکستان استحکام پارٹی میں شامل ہونے والوں میں محمد طاہر قیصرانی، محمد زاہد اسماعیل اور سردار محمد اویس شامل ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ ان تین نو منتخب آزاد ارکان پنجاب اسمبلی نے آئی پی پی کے صدر عبدالعلیم خان سے ملاقاتوں میں ان کی جماعت میں شمولیت اختیار کی۔
پی پی 284 سے پاکستان تحریک انصاف کے نامزد آزاد امیدوار محمد طاہر قیصرانی 52 ہزار 574 ووٹ لے کر جیتے ہیں۔
پی پی 270 سے پاکستان تحریک انصاف کے نامزد آزاد امیدوار محمد زاہد اسماعیل نے 28 ہزار 258 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی۔
پی پی 296 سے پاکستان تحریک انصاف کے نامزد آزاد امیدوار سردار محمد اویس 42 ہزار 613 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔
عبدالعلیم خان نے پارٹی میں شامل ہونے والے اراکین اسمبلی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مزید 10سے15 اراکین اسمبلی رابطے میں ہیں، جو اگلے چند روز میں آئی پی پی میں شامل ہوں گے۔