Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

محمد شامی کی سرجری، آئی پی ایل میں شرکت نہیں کریں گے

محمد شامی انڈیا میں ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ 2023 میں انجری کا شکار ہوئے تھے (فوٹو: اے ایف پی)
انڈین کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد شامی کی ایڑی کی کامیاب سرجری ہو گئی ہے۔
پیر کو نومبر 2023 سے ورلڈ کپ کے بعد کرکٹ سے دور رہنے والے محمد شامی کی لندن کے ایک ہسپتال میں سرجری ہوئی۔
مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر اپنی تصاویرکے ساتھ پیغام جاری کرتے ہوئے محمد شامی نے لکھا کہ ’میرا ایڑی کا کامیاب آپریشن ہوا ہے، صحت یابی میں کچھ وقت لگے گا، میں اپنے پاؤں پر واپس کھڑا ہونے کا منتظر ہوں۔‘
محمد شامی انڈیا میں ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ 2023 میں انجری کا شکار ہوئے تھے۔ اس کے بعد سے وہ جنوبی افریقہ کے دورے، افغانستان کے خلاف ٹی20 ہوم سیریز اور انگلینڈ کے خلاف جاری پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز سے کا حصہ بھی نہیں بن پائے۔
ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق محمد شامی سرجری کے باعث انڈین پریمئر لیگ (آئی پی ایل) 2024 کا حصہ نہیں بن پائیں گے جبکہ جون میں ٹی20 ورلڈ کپ میں بھی ان کی شرکت مشکوک ہے۔
آئی پی ایل 2024 شروع ہونے میں ابھی ایک ماہ باقی ہے۔ محمد شامی کی غیرموجودگی 2022 کی چیمپئن ٹیم اور 2023 کی رنر اپ گجرات ٹائٹنز کے لیے بہت نقصان دہ ہو سکتی ہے۔ ہاردک پانڈیا کے گجرات ٹائٹنز چھوڑ کر ممبئی انڈینز جانے کی وجہ سے ٹیم کو پہلے ہی مشکلات کا سامنا ہے۔
دوسری جانب محم شامی کی غیرموجودگی میں انڈین کرکٹ ٹیم نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ سائیکل کے دوران مکیش کمار اور آکاش دیپ کو ٹیسٹ کیپس سونپ دی ہیں۔ گزشتہ جون شامی کا آخری ٹیسٹ اوول میں آسٹریلیا کے خلاف ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل تھا۔

شیئر: