Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈومیسٹک کرکٹ نہ کھیلنے پرشریاس ایئر اور اشان کشن کو سینٹرل کنٹریکٹ نہیں ملے گا

جے شاہ نے انڈین کرکٹرز کو خبردار کیا تھا کہ ڈومیسٹک کرکٹ نہ کھیلنے والے کھلاڑیوں کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے (فائل فوٹو: روئٹرز)
انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے شریاس ایئر اور اشان کشن کو ڈومیسٹک کرکٹ نہ کھیلنے پر سینٹرل کنٹریکٹ نہ دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق چیف سلیکٹر اجیت اگارکر کی سربراہی میں سلیکشن کمیٹی نے 24-2023 کے لیے سینٹرل کنٹریکٹ حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کی فہرست بنا لی ہے جس میں شریاس ایئر اور اشان کشن شامل نہیں ہیں۔
ذرائع نے ٹائمز آف انڈیا کو بتایا کہ ’سلیکٹرز اجیت اگارکر کی قیادت میں سلیکشن کمیٹی نے 24-2023 کے لیے سینٹرل کنٹریکٹ حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کی فہرست بنا لی ہے جسے جلد جاری کیا جائے گا۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ’اشان کشن اور شریاس ایئر اس فہرست میں شامل نہیں ہیں کیونکہ دونوں بی سی سی آئی کی جانب سے کہنے کے باوجود ڈومیسٹک کرکٹ نہیں کھیل رہے۔‘
خیال رہے گزشتہ ہفتے بی سی سی آئی کے سیکریٹری جے شاہ نے سینٹرل کنٹریکٹ لینے والے کھلاڑیوں کو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کو ڈومیسٹک کرکٹ پر فوقیت دینے پر خبردار کیا تھا۔
اس دوران اشان کشن، شریاس ایئر اور دیپک چہر جاری ڈومیسٹک ٹورنامنٹ رنجی ٹرافی کے سیزن میں شامل ہونے پر دلچسپی ظاہر نہیں کر رہے۔
جے شاہ نے انڈین کرکٹرز کو خبردار کیا تھا کہ ڈومیسٹک کرکٹ نہ کھیلنے والے کھلاڑیوں کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے تاہم کچھ کھلاڑی بورڈ کی جانب سے خبردار کیے جانے کے باوجود ڈومیسٹک کرکٹ نہیں کھیل رہے۔
اشان کشن نے آخری مرتبہ نومبر 2023 میں انڈیا کے لیے آسٹریلیا کے خلاف ٹی20 میچ کھیلا تھا۔
دوسری جانب شریاس ایئر رنجی ٹرافی میں آسام کے خلاف ممبئی کا آخری لیگ میچ نہیں کھیلے تھے جبکہ انہوں نے جمعے کو بروڈا کے خلاف کھیلے گئے کوارٹر فائنل میں بھی شرکت کرنے سے معذرت کر لی تھی۔

شیئر: