Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

صوبہ خیبر پختونخوا کی 15 وزرا پر مشتمل کابینہ تشکیل، گورنر نے دستخط کر دیے

صوبہ خیبرپختونخوا کی 15 وزرا پر مشتمل کابینہ تشکیل دے دی گئی ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے سمری پر دستخط کر دیے ہیں۔
صوبائی کابینہ میں ارشد ایوب، شکیل احمد، فضل حکیم خان، محمد عدنان قادری، عاقب اللہ، محمد سجاد، مینا خان، فضل شکور، نذیر احمد عباسی، پختون یار، آفتاب عالم، خلیق الرحمان اور سید قاسم علی شاہ، فیصل خان ترکئی اور محمد ظاہر شاہ طورو شامل ہیں۔
مانسہرہ سے ممبر صوبائی اسمبلی زاہد چن زیب کو وزیر اعلٰی خیبرپختونخوا کا مشیر مقرر کیا گیا ہے۔ صوبائی کابینہ میں شامل وزرا آج شام ساڑھے چھ بجے حلف اٹھائیں گے۔
ارشد ایوب، وزیراعظم کے لیے امیدوار اور پارٹی کے جنرل سیکریٹری عمر ایوب کے کزن ہیں اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی پچھلی حکومت میں صوبائی وزیر برائے آبپاشی رہ چکے ہیں۔
فضل شکور پی ٹی آئی کی پچھلی حکومت میں صوبائی وزیر قانون رہ چکے ہیں۔
عاقب اللہ سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے بھائی ہیں اور رکن اسمبلی بھی رہ چکے ہیں۔
سید قاسم علی شاہ، محمد عدنان قادری، محمد سجاد اور مینا خان پہلی مرتبہ اسمبلی میں منتخب ہو کر آئے ہیں۔
خیال رہے کہ منگل کو خیبر پختونخوا میں کابینہ کے ناموں پر مشاورت کے لیے نومنتخب وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے راولینڈی کی اڈیالہ جیل میں ملاقات کی تھی۔
وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور اور عمران خان کے درمیان ملاقات ڈیڑھ گھنٹہ جاری رہی تھی۔ 
اردو نیوز سے گفتگو میں پی ٹی آئی کے اعلیٰ عہدیداران نے بتایا تھا کہ ’عمران خان نے علی امین گنڈ اپور کو کابینہ کے ابتدائی سات ناموں کی منظوری اور کابینہ میں مزید نام شامل کرنے کی اجازت دی ہے۔‘
اس ملاقات میں امور حکومت چلانے پر بھی بات چیت ہوئی۔ عمران خان نے بلین ٹری سونامی پروجیکٹ کو فوری شروع کرنے، صحت، تعلیم اور پولیس میں اصلاحات پر زور دیا۔

شیئر: