Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمران خان کو ’دھمکیاں‘، مقدمہ درج نہ کرنے پر کراچی پولیس کو نوٹس جاری

درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ درخواست گزار کا بیان ریکارڈ کر کے رانا ثنااللہ کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔ (فائل فوٹو: ایکس)
پاکستان کے صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کی ضلع جنوبی کی عدالت میں سابق وزیراعظم عمران خان کو مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنااللہ کی طرف سے دھمکیاں دینے کے خلاف مقدمہ درج نہ کرنے پر دائر کی گئی درخواست کی سماعت ہوئی۔
جمعرات کو دوران سماعت درخواست گزار ظہور محسود نے عدالت کو بتایا کہ انہوں نے کراچی کے پریڈی تھانے میں پولیس کو رانا ثنااللہ کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست دی تھی لیکن پولیس مقدمہ درج کرنے میں حیلے بہانے کر رہی ہے اور مقدمہ درج کرنے سے انکار کر رہی ہے۔
انہوں نے عدالت کو بتایا کہ 25 مارچ کو سندھ ہائی کورٹ بار میں دوستوں کے ساتھ سوشل میڈیا پر دیکھا کہ ’رانا ثنااللہ عمران خان کو قتل کی دھمکیاں‘ دے رہے ہیں۔
 ان کا کہنا تھا کہ رانا ثنااللہ کے اڈیالہ جیل حکام سے اچھے تعلقات ہیں اور بانی پی ٹی آئی اس وقت اڈیالہ جیل میں قید میں ہیں۔ 
درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ درخواست گزار کا بیان ریکارڈ کر کے رانا ثنااللہ کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے اور ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔
عدالت نے درخواست گزار دلائل سننے کے بعد ایس ایچ او پریڈی پولیس اور ایس پی کمپلین سیل کو نوٹس جاری کر کرتے ہوئے 30 مارچ تک جواب طلب کر لیا۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی اعلٰی قیادت نے رانا ثنااللہ کے بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے بیان دیا تھا کہ سابق وفاقی وزیر کے خلاف ملک بھر میں مقدمات درج کرائے جائیں گے۔
اس اعلان کے بعد انصاف لائر فورم کی جانب سے کراچی میں رانا ثنااللہ کے خلاف مقدمہ درج کرانے کے لیے پریڈی پولیس سٹیشن میں درخواست دی گئی تھی۔

شیئر: