اگر کوئی میری تمام اُمیدوں پر پورا اُترا تو میں شادی کر لوں گی: سشمیتا سین
1994 میں مس یونیورس بننے والی سشمیتا سین نے دو بچیوں کو گود لیا ہوا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
بالی وڈ کی اداکارہ سشمیتا سین اپنی ذاتی زندگی کے بارے میں بیانات کے باعث میڈیا اور سوشل میڈیا کی زینت بنی رہتی ہیں۔
سشمیتا سین اپنے انٹرویوز میں دل کھول کر باتیں کرتی ہیں اور اپنا حال احوال خوب بتاتی ہیں۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق ایک حالیہ انٹرویو میں سشمیتا سین نے بیان دیا ہے کہ اپنے سابق محبوب (ایکس) کے ساتھ دوست بن کر رہا جا سکتا ہے۔
انٹرویو میں جب سشمیتا سین سے پوچھا گیا کہ اتنی مرتبہ دل ٹوٹنے کے باوجود وہ کیسے عزت سے رہ لیتی ہیں تو اس پر اداکارہ نے کہا کہ ’میری زندگی کھلی کتاب کی مانند رہی ہے کیونکہ میں نے زندگی بہت ایمانداری سے گزاری ہے اور کبھی کبھی بغیر کسی خوف کے بھی۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’عزت ایسی چیز ہے جو صرف زندگی کے ایک حصے میں نظر نہیں آتی۔ یہ بتاتی ہے کہ آپ کون ہیں تو آپ جو بھی فیصلے لیتے ہیں چاہے اس سے آپ کا دل ٹوٹے یا آپ کو دھوکہ ملے یا آپ غلط ہوں، اس سے فرق نہیں پڑتا۔‘
جب اداکارہ سے یہ پوچھا گیا کہ کیا سابق محبوب کے ساتھ دوستی کی جا سکتی ہے اور وہ خود کب شادی کریں گی تو اس پر انہوں نے کہا کہ ’بالکل، لیکن میں سمجھتی ہوں کہ یہ مشکل اور الجھن میں ڈالنے والی بات ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’بہت سے لوگ اپنے سابق محبوب کے ساتھ دوست بن کر رہتے ہیں اور انہیں حدود کا پتا نہیں ہوتا لیکن یہ ممکن ہے کیونکہ میں نے ایسا ہوتا دیکھا ہے اور میں خود بھی ایسا ہی کر رہی ہوں۔‘
شادی کرنے کے سوال پر سشمیتا سین کہتی ہیں کہ ’بالکل، (یعنی وہ شادی کریں گی)۔ میں نے ایسا کبھی نہیں کہا کہ میں شادی نہیں کروں گی۔ اگر کوئی اچھا شخص ملا اور وہ میری تمام امیدوں پر پورا اترا تو میں شادی کر لوں گی۔‘
خیال رہے کہ سشمیتا سین 2004 سے 2006 تک اداکارہ رندیپ ہُودا کے ساتھ ریلیشنشپ میں رہیں جس کے بعد انہوں نے 2018 سے 2021 تک ماڈل روہمان شال کو ڈیٹ کیا۔
سنہ 2022 میں سشمیتا سین کے بارے میں خبر سامنے آئی تھی کہ وہ مشہور بزنس مین اور انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے بانی للت مودی کو ڈیٹ کر رہی ہیں۔
خیال رہے کہ 1994 میں مس یونیورس بننے والی سشمیتا سین نے دو بچیوں کو گود لیا ہوا ہے۔