Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سشمیتا سین کو دل کا دورہ، ’میں کچھ زندگی جینے کے لیے پھر سے تیار ہوں‘

سشمیتا سین نے انسٹاگرام پر بتایا کہ ’دل کا دورہ پڑنے کے بعد ان کی انجیو پلاسٹی ہو گئی ہے‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈین اداکارہ سشمیتا سین نے انکشاف کیا ہے کہ ’انہیں دل کا دورہ پڑا ہے۔‘
جمعرات کے روز فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر سشمیتا سین نے اپنی صحت سے متعلق پوسٹ میں بتایا کہ ’انہیں دل کا دورہ پڑا ہے تاہم ان کی انجیو پلاسٹی ہو گئی ہے۔‘
سشمیتا سین کہتی ہیں کہ ’میرے والد کے الفاظ ہیں کہ اپنے دل کو خوش اور بہادر رکھو اور یہ آپ کے ساتھ اس وقت کھڑا ہوگا جب آپ کو اس کی ضرورت ہوگی۔‘
دل کے دورے کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ ’مجھے چند روز قبل دل کا دورہ پڑا ہے۔ انجیو پلاسٹی ہوگئی ہے۔ سٹنٹ ڈل گیا ہے اور سب سے اہم میرے کارڈیالوجسٹ نے اس بات کی یقین دہانی کی ہے کہ میرا دل بڑا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’بہت سے لوگوں کا شکریہ ادا کرنا ہے جنہوں نے وقت پر طبی امداد کی۔ یہ پوسٹ اس وجہ سے کر رہی ہوں کہ آپ سب کو مطلع کر دوں کہ سب ٹھیک ہے اور میں کچھ زندگی جینے کے لیے پھر سے تیار ہوں۔‘
اس سے قبل گذشتہ سال سشمیتا سین تب خبروں کی زینت بنی تھیں جب انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے بانی اور کاروباری شخصیت للت مودی کے ساتھ اُن کے مبینہ افیئر اور شادی کی خبریں سامنے آئی تھی۔
خیال رہے کہ 1994 میں مس یونیورس بننے والی سشمیتا سین نے دو بچیوں کو گود لے رکھا ہے۔
سشمیتا سین کو دل کا دورہ پڑنے کی خبر پر ان کی انسٹاگرام پوسٹ پر تبصرے بھی دیکھنے میں آرہے ہیں۔
شانتی پلانکر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ بہت تشویشناک ہے۔ آج کل دل کا دورہ پڑنا بہت عام سی بات ہوگئی ہے۔ اتنی ورزش کرنے کے باوجود یہ حیران کن ہے تاہم یہ جان کر خوشی ہوئی کہ آپ ٹھیک ہیں۔‘
اداکارہ گوہر خان لکھتی ہیں کہ ’آپ بہت قیمتی ہو۔ جلدی سے ٹھیک ہو جاؤ۔ پہلے سے بھی زیادہ مضبوط ہو جاؤ۔‘
مزنا خان نے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’اپنا ڈھیر سا خیال رکھیں۔ خدا کا شکر ہے کہ آپ اب ٹھیک ہیں۔ آپ کے لیے ہمیشہ سے بہت سارا پیار۔‘

شیئر: