Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات کا تیسرا جہاز غزہ کے لیے امدادی سامان لے کر العریش پہنچ گیا

امدادی سامان العریش پورٹ سے رفح کراسنگ کے ذریعے غزہ بھیجا جائے گا (فوٹو: وام)
متحدہ عرب امارات کا تیسرا جہاز غزہ کے متاثرین کےلیے چار ہزار 630  ٹن امدادی سامان لے کر مصرکی بندرگاہ پورٹ العریش پہنچا ہے۔
بحری جہاز پر چار ہزار218 ٹن خوراک، 370 ٹن شیلٹرز کا سامان اور41 ٹن طبی امداد کے علاوہ چھ پانی کے ٹینک، دو سیپٹک ٹینک اور ایک ڈیزل سٹوریج  موجود ہے۔
امدادی سامان العریش پورٹ سے رفح کراسنگ کے ذریعے غزہ بھیجا جائے گا۔ 
امارات کی سرکاری خبررساں ایجنسی وام کے مطابق صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان کی ہدایت پرغزہ متاثرین کےلیے امدادی مہم چلائی جا رہی ہے۔ 
اماراتی ہلال احمر کے سکریٹری جنرل راشد مبارک المنصوری نے غزہ میں موجود ٹیموں کے ساتھ مل کر تنظیم کی سٹریٹجک منصوبہ بندی پر زور دیا تاکہ انتہائی ضرورت مندوں میں امداد کی موثر طریقے سے تقسیم کو یقینی بنایا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ’ تنظیم غزہ میں بڑھتے ہوئے انسانی چیلنجوں سے نمنٹے کے لیے انتھک کام کررہی ہے۔ خاص طور پر فوڈ سیکیورٹی اور بنیادی اشیا کی فراہمی پر زور دیا جا رہا ہے‘۔
امارات کے بحری جہاز کے ذریعے امداد ایسے وقت پہنچی ہے جو امریکی چیرٹی ادارے ورلڈ سینٹل کچن نے غزہ میں اسرائیلی فضائی حملے میں سات امدادی کارکنوں کی ہلاکت کے بعد اپنی سرگرمیاں روک دی ہیں۔
اس سے قبل امارات نے پہلے بحری جہاز سے چار ہزار 16 ٹن اور دوسرے بحری جہاز کے ذریعے چار ہزار 303 ٹن امدادی سامان غزہ کے لیے روانہ کیا تھا۔
 غزہ  کے متاثرین کو طبی سہولتوں فراہم کرنے کےلیے ایک فیلڈ ہسپتال بھی قائم ہے۔  
فیلڈ ہسپتال 150 سے زیادہ بستروں پر مشتمل ہے جہاں زخمیوں کا علاج  کیا جا رہا ہے۔ ہسپتال میں مختلف قسم کے آپریشنوں کی سہولت ہے۔
یاد رہے کہ امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید نے گزشتہ نومبر کو فلسطینی عوام کےلیے امدادی کاررائیوں کے آغاز کا حکم دیا تھا۔

شیئر: