’تاریخ میں پہلی بار‘ سٹاک ایکسچینج میں انڈیکس 70 ہزار کی حد عبور کر گیا
منگل 9 اپریل 2024 10:17
زین علی -اردو نیوز، کراچی
رواں ہفتے پاکستان سٹاک ایکسچینج کا آغاز بہتر ہوا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان سٹاک ایکسچینج میں منگل کے روز کاروبار کا آغاز مثبت انداز میں ہوا۔ مارکیٹ دوران ٹریڈنگ آٹھ پوائنٹس اضافے کے ساتھ 70 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کر گئی۔
معاشی ماہرین کے مطابق وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب میں ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات اور ملک میں سعودی عرب کی مزید سرمایہ کاری کے اعلان کے بعد مقامی سطح پر سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوتا نظر آ رہا ہے۔ مارکیٹ آج تاریخ کی بلند ترین سطح پر ٹریڈ کر رہی ہے
ایکسچینج کمپنی آف پاکستان کے سیکریٹری ظفر پراچہ کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے سے مسلسل تیزی کا رجحان دیکھا جا رہا ہے اس کی بنیادی وجہ سرمایہ کاروں کا اعتماد کا بحال ہونا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی سعودی عرب کے ولی عہد سے ملاقات کے مثبت نتائج مارکیٹ پر نظر آ رہے ہیں۔
’سعودی عرب میں ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور موجودہ صورتحال میں بھی سعودی عرب نے پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ اس فیصلے کے بعد مقامی سرمایہ کار بھی مارکیٹ میں ٹریڈنگ بڑھاتے نظر آرہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں الیکشن کا عمل مکمل ہونے کے بعد اب ایک غیریقینی کی صورتحال ختم ہوتی جا رہی ہے۔ لوگ اب آگے کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ ’اس کے ساتھ ساتھ افواج پاکستان کے سربراہ بھی معاشی معاملات میں دلچسپی لے رہے ہیں اور کے گزشتہ دنوں میں ڈالر کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات بھی سب کے سامنے ہیں۔
معاشی امور کے ماہر سمیع اللہ طارق کے مطابق منگل کے روز پاکستان سٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی دیکھی جا رہی ہے۔ مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز اچھا ہوا ہے اور دوران ٹریڈنگ پی ایس ایکس 100 انڈیکس 839 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 70 ہزار 459 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کر رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے کہ پی ایس ایکس 100 انڈیکس 70 ہزار کی حد عبور کر گیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ابھی کاروباری اوقات باقی ہیں دیکھنا یہ ہوگا کہ مارکیٹ مزید کتنے نئے ریکارڈ قائم کرتی ہے۔