Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم 4 مئی کو گیمبیا میں اسلامی سربراہی کانفرنس میں شرکت کریں گے

وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی ہوں گے۔ (فائل فوٹو)
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف چار مئی کو گیمبیا میں او آئی سی کے زیر اہتمام ہونے والی اسلامی سربراہی کانفرنس کے 15ویں اجلاس میں شرکت کریں گے۔
جمعے کو ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے بتایا کہ ’اسلامی سربراہی کانفرنس کے اجلاس میں وزیراعظم غزہ میں نسل کشی، مسئلہ کشمیر، اسلاموفوبیا، دہشت گردی اور دیگر عالمی چلینجز پر بات کریں گے۔‘
ممتاز زہرہ بلوچ کے مطابق وہ اسلامی ممالک کے سربراہوں سے بھی ملاقات کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ دو اور تین مئی کو او آئی سی کے وزرائے خارجہ کا اجلاس بھی ہو گا جس میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار شرکت کریں گے۔
دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار 28 سے 29 اپریل تک ریاض میں عالمی تعاون، ترقی اور توانائی سے متعلق عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
زہرہ بلوچ کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں۔
وزیراعظم اور وزیر خارجہ عالمی رہنماؤں، بین الاقوامی اداروں کے سربراہوں اور دیگر اہم شخصیات سے بھی دو طرفہ ملاقاتیں کریں گے۔

شیئر: