پاکستان: آئندہ چار روز میں مزید بارشوں کا امکان، طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ
جمعہ 26 اپریل 2024 13:22
صالح سفیر عباسی، اسلام آباد
رواں ماہ نوشہرہ کے گھروں میں سیلاب کا پانی گھروں میں داخل ہو گیا تھا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آئندہ چار روز میں خیبر پختونخوا، اسلام آباد، پنجاب، شمالی بلوچستان، گلگت بلتستان اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقامات پر تیز اور موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔
جمعے کو محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ آج رات سے 27 اپریل تک درمیانی اور موسلادھار بارش کے باعث بلوچستان کے برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔ اس دوران چند مقامات پر ژالہ باری کی بھی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 27 سے 29 اپریل کے دوران دیر، سوات، چترال، مانسہرہ، کوہستان اور کشمیر کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آندھی، ژالہ باری، گرج چمک اور تیز بارش کے باعث انسانی جانوں، کھڑی فصلوں اور کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے۔ شہری غیرضروری سفر سے اجتناب کریں۔
گلگت بلتستان، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں کے علاوہ اسلام آباد اور گرد و نواح میں بھی مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ ساتھ آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ صوبہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔
کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ
27 سے 29 اپریل کے دوران پاکستان کے زیر انتظام کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ موسلا دھار بارش کی وجہ سے کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔