ٹی20 کی تاریخ کا نیا ریکارڈ: آئی پی ایل میں پنجاب کنگز نے 262 رنز کا ہدف حاصل کرلیا
ٹی20 کی تاریخ کا نیا ریکارڈ: آئی پی ایل میں پنجاب کنگز نے 262 رنز کا ہدف حاصل کرلیا
جمعہ 26 اپریل 2024 21:50
پنجاب کنگز کے جونی بیئر سٹور کو شاندار بلے بازی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا (فوٹو: بی سی سی آئی)
انڈیا میں جاری آئی پی ایل کے 17 ویں ایڈیشن میں پنجاب کنگز نے کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے خلاف 262 رنز کا ہدف حاصل کر کے ٹی20 کرکٹ کا نیا ریکارڈ قائم کردیا۔
جمعے کو کولکتہ کے ایڈن گارڈن سٹیڈیم میں آئی پی ایل کے 42 ویں میچ میں پنجاب کنگز نے کولکتہ نائٹ رائیڈرز کو 8 وکٹوں سے شکست دی جبکہ ابھی آٹھ گیندوں کا کھیل باقی تھا۔
پنجاب کنگز کی جانب سے جونی بیئرسٹو نے جارحانہ اننگز کھیلتے ہوئے 42 بالز پر 108 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ ان کی اننگز میں 9 چھکے اور 8 چوکے شامل تھے۔
ششانک سنگھ نے 28 گیندوں پر آٹھ چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 68 رنز بنائے۔ پربھسمرن سنگھ نے 20 بالز پر 54 رنز کی اننگز کھیلی جس میں پانچ چھکے اور چار چوکے شامل تھے۔
کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی جانب سے ہرشیت رانا نے چار اوورز میں 61، دشمانتھا چمیرا نے تین اوورز میں 48، ورون نے تین اوورز میں 46 رنز دیے۔
انوکل رائے اور آندرے رسل کے دو دو اوورز میں 36، 36 رنز جبکہ سنیل نارائن کے چار اوورز میں 24 رنز بنے اور انہوں نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے پنجاب کنگز کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 261 رنز بنائے۔
فِل سالٹ نے 37 بالز پر 6 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 75 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ سنیل نارائن نے 32 گیندوں پر 71 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں چار چھکے اور 9 چوکے شامل تھے۔
کنگز پنجاب کی جانب سے ارشدیپ سنگھ نے چار اوورز میں 45 رنز دے کر دو جبکہ سیم کرن نے چار اوورز میں 60 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔
پنجاب کنگز کے جونی بیئر سٹور کو شاندار بلے بازی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل آئی پی ایل میں راجستھان رائلز نے 2020 کے ایڈیشن میں کنگز الیون پنجاب کے خلاف شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں 224 رنز کا ہدف حاصل کر کے ریکارڈ قائم کیا تھا۔
راجستھان رائلز نے رواں برس کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے خلاف 224 رنز کا ٹارگٹ حاصل کر کے 2020 میں راجستھان رائلز کا کنگز الیون پنجاب کے خلاف قائم کیا گیا ریکارڈ برابر کردیا تھا۔