Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی محکمہ پاسپورٹ کی ای خدمات سے 41 ملین افراد نے فائدہ اٹھایا

روٹ ٹو مکہ کے تحت 2 لاکھ 42 ہزار حاجیوں کو خدمات فراہم کی گئیں۔ (فوٹو سبق)
سعودی وزارت داخلہ کے ماتحت جنرل ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹ کا کہنا ہے کہ 2023 کے دوران 100 سے زیادہ الیکٹرانک خدمات سے 41 ملین سے زیادہ افراد نے فائدہ اٹھایا۔
 مملکت کے شہری، غیرملکی اور بیرون ملک حج و عمرہ اور سیاحت کے لیے آنے والے افراد شامل ہیں۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق محکمہ پاسپورٹ  کا کہنا ہے جوازارت کے دفاتر جائے بغیر ’تواصل‘ سروس، ’ابشر‘، ’مقیم‘ پورٹل کے ذریعے 3 ملین سے زیادہ ٹرانزیکشنز ہوئی ہیں۔ اس کے علاوہ ٹول فری نمبر 992، ای میل، ویب سائٹ اور سوشل میڈیا پر محکمہ پاسپورٹ کے اکاؤنٹ کے ذریعے بھی خدمات فراہم کی گئیں۔
محکمہ پاسپورٹ کا کہنا ہے حج و عمرہ کے حوالے سے بیرون اور اندرون ملک سے بھی زائرین نے فائدہ اٹھایا اسی طرح مملکت کے بری، بحری اور سرحدی علاقوں پر پہنچنے پر بھی ان خدمات سے فائدہ اٹھایا گیا۔
محکمہ پاسپورٹ کے مطابق مملکت کے وژن 2030 کے تحت حجاج کی خدمات کے پروگرام ’روٹ ٹو مکہ‘ انشیٹو کا سلسلہ بھی مزید ملکوں تک بڑھایا جارہا ہے۔ 2023 کے حج سیزن میں اس کے تحت 242272 حاجیوں کو خدمات فراہم کی گئی ہیں۔
محکمہ پاسپورٹ کا کہنا ہے ’روٹ ٹو مکہ‘ کے تحت عازمین کی تمام تر کارروائی ان کے اپنے ملک میں انجام  دی جاتی ہے۔
 محکمہ پاسپورٹ کی ای خدمات مملکت کے وژن 2030 کے مطابق ہیں اس کا مقصد تمام سرکاری خدمات تک ڈیجیٹل طور پر رسائی کو آسان اور تمام طریقہ کار کو تیز کرنا ہے۔

 

واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: