Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہیٹ ویو: پنجاب میں 25 مئی سے 31 مئی تک تعلیمی ادارے بند رہیں گے

گرمی کی شدت میں رواں ہفتے مزید اضافے کی پیش گوئی کی گئی ہے (فوٹو: روئٹرز)
پنجاب حکومت نے صوبے میں ہیٹ ویو کے خدشے کے پیش نظر تعلیمی اداروں کو 25 مئی سے 31 مئی تک سات روز کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ سندھ میں انٹرمیڈیٹ کے امتحانات ملتوی کر دیے گئے ہیں۔
پاکستان میں پنجاب اور سندھ کے میدانی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں اور محکمہ موسمیات کی جانب سے ہیٹ ویو الرٹ بھی جاری کیا گیا ہے۔ گرمی کی شدت میں رواں ہفتے مزید اضافے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
ہیٹ سٹروک کے خدشے کے پیش نظر پنجاب حکومت نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو مراسلہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ تعلیمی ادارے 25 مئی سے 31 مئی تک بند رہیں گے۔
اس سے قبل وزارت تعلیم پنجاب نے بڑھتی ہوئی گرمی کے پیش نظر سکولوں کے اوقات کار میں تبدیلی کرتے ہوئے یکم جون سے 14 اگست تک موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان کیا تھا۔
وزارت تعلیم پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سکولوں کے اوقات صبح 7 سے لے کر ساڑھے 11 بجے تک ہوں گے۔

سندھ بھر میں  نویں اور دسویں کے امتحانات ملتوی

کراچی میں ممکنہ ہیٹ ویو کے پیش نظر نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات ملتوی کر دیے گئے ہیں۔
ثانوی تعلیمی بورڈ کے اعلان مطابق 21 سے 27 مئی کے درمیان میٹرک بورڈ کے پرچے نہیں ہوں گے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
وزیر برائے تعلیمی بورڈز اور جامعات کے حکم پر میٹرک بورڈ کراچی کے امتحانات ملتوی کیے گئے ہیں اور اب میٹرک بورڈ کے امتحانات 28 مئی سے شیڈول کے مطابق ہوں گے۔
اس سے قبل ہیٹ ویو کے خدشے کے پیش نظر انٹرمیڈیٹ کے امتحانات ملتوی کیے گئے تھے جو اب 22 مئی کے بجائے 27 مئی سے شروع ہوں گے۔
 

شیئر: