Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عام انتخابات: رشی سونک اور کیئر سٹارمر کی الیکشن مہم، معیشت کی بحالی اہم مسئلہ

لیبر پارٹی کے رہنما کیئر سٹارمر اپنی جماعت کو واپس مرکزی دھارے میں لے آئے ہیں۔ فوٹو: روئٹرز
برطانوی وزیراعظم رشی سونک اور ان کی حریف جماعت لیبر پارٹی کے کیئر سٹارمر عام انتخابات کے لیے الیکشن مہم کا آغاز آج جمعرات سے کر رہے ہیں۔
رشی سونک نے گزشتہ روز اچانک کیے گئے اعلان میں کہا تھا کہ برطانیہ میں عام انتخابات چار جولائی کو منعقد کیے جائیں گے۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق رشی سوناک کی کنزرویٹو پارٹی رائے عامہ کے جائزوں میں لیبر پارٹی سے چند پوائنٹس آگے ہے۔
برطانوی وزیراعظم کے قبل از وقت الیکشن کرانے کے اعلان سے پہلے یہ قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ انتخابات اکتوبر یا نومبر میں منعقد کیے جائیں گے۔
رشی سونک کے اعلان کے بعد اب برطانیہ میں اگلے چھ ہفتوں کے دوران ایک طوفانی الیکشن مہم میں دونوں جماعتوں کے رہنما ووٹرز کو قائل کرنے کی کوشش کریں گے۔
رشی سونک نے 2022 میں صرف 45 دن تک وزیرِ اعظم رہنے والی لز ٹرس کے مستعفی ہونے کے بعد وزارتِ عظمیٰ کا عہدہ سنبھالا تھا۔
رشی سونک نے لز ٹرس کے معاشی پالیسوں کے اثرات پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔ اکتوبر 2022 میں عہدہ سنبھالنے کے بعد ان سے بہتر کارکردگی کی توقع کی جا رہی تھی۔ تاہم اب تک کے رائے عامہ کے جائزوں کو اگر درست مانا جائے تو ان کے وزارتِ عظمیٰ سنبھالنے کے بعد کنزرویٹو پارٹی کی ریٹنگ میں بہتری نہیں آئی۔
اس بار الیکشن کی مہم میں سب سے اہم ایشو معیشت ہو گا۔
جس وقت برطانوی وزیراعظم رشی سونک نے قبل از وقت عام انتخابات کرانے کا اعلان کیا تو ملک میں مہنگائی کی شرح اُن کے طے کیے ہدف کے قریب آ گئی تھی۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ معیشت کی بحالی اور مہنگائی کم کرنے کے لیے اُن کا منصوبہ درست سمت میں ہے اور یہ ثابت ہو گیا ہے۔
رشی سونک نے کہا کہ اُن کی حریف لیپر پارٹی کے پاس معیشت کے حوالے سے کوئی منصوبہ نہیں ہے۔
لیبر پارٹی کے 61 سالہ رہنما کیئر سٹارمر ایک سابق وکیل ہیں جو انتخابی طور پر ناکام بائیں بازو کی قیادت سنبھال کر اپنی جماعت کو سیاست کے مرکزی دھارے میں واپس لے آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’لیبر پارٹی افراتفری کو روکے گی، صفحہ پلٹائے گی اور برطانیہ کا مستقبل واپس لے آئے گی۔‘
انہوں نے پارٹی کے اراکین کے لیے الیکشن مہم کے ابتدائی پیغام میں انتخابات کو ’ہماری زندگی کی لڑائی‘ قرار دیا اور کہا کہ ’یہ وہ لمحہ ہے جس کے لیے ہم کام کر رہے ہیں۔ ہمیں ٹوریز کو شکست دینے کے لیے اکٹھا ہونا چاہیے اور برطانیہ میں بہتر تبدیلی لانے کے لیے لیبر پارٹی کی حکومت قائم کرنی چاہیے۔‘

شیئر: