حرمین شریفین میں زائرین کی رہنمائی کے لیے سمارٹ انٹرایکٹو میپ
سمارٹ میپ سسٹم کلرکوڈنگ اور میٹرک ایڈریسنگ سے مربوط ہے (فوٹو: ایس پی اے)
ادارہ امور حرمین شریفین کے سی ای او انجینئرغازی الشھرانی نے زائرین کی سہولت کے لیے مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں سمارٹ انٹرایکٹو میپ سسٹم کا افتتاح کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق حرمین شریفین میں اندرون اور بیرون مملکت سے آنے والے عمرہ زائرین کی سہولت کے لیے مختلف مقامات کی نشاندہی اور رہنمائی کے لیے سمارٹ نقشے اہم ہیں۔
یہ نقشے زائرین کو رہنمائی فراہم کرتے ہیں، اژدحام یا عارضی طور پر راستوں کی بندش کی صورت میں متبادل راستہ تجویز کرتے ہیں۔
زائرین کیو آر کوڈ سکین کرکے مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے راستے اور فراہم کی جانے والی خدمات کے بارے میں معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔
سی ای او انجینئرغازی الشھرانی نے بتایا’ زائرین کو ہرممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کو متعارف کرایا جارہا ہے۔‘

’سمارٹ میپ سسٹم کے ذریعے زائرین بااسانی اپنے مطلوبہ مقام پر پہنچ سکتے ہیں۔ مسجد الحرام میں ازدحام کے دوران بھی سمارٹ نقشے مفید ثابت ہوتے ہیں۔ زائرین کو بروقت ان مقامات کا علم ہو جاتا ہے جہاں لوگوں کی تعداد زیادہ ہے۔
ادارے کے ڈپٹی سی ای او ڈاکٹر محمد الصقر نے نے کہا ’رمضان المبارک میں سمارٹ میپ سسٹم کے تجرباتی مرحلے کا آغاز کیا گیا ہے جو کلرکوڈنگ اور میٹرک ایڈریسنگ سسٹم سے مربوط ہے جس سے حرمین شریفین میں مختلف مقامات کی نشاندہی آسان ہوتی ہے۔‘

اس سسٹم کو 950 سے زائد پوائنٹس اور 13 سروس کیٹگریز میں تقسیم کیا گیا ہے جبکہ 650 سے زیادہ کیو آر کوڈ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ ازدحام میں نقل و حرکت کو حساس سسٹم خود کار طریقے سے ریڈ کرکے بہتر راستہ منتخب کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
ادارہ حرمین میں آپریشنل امور کے ڈائریکٹر انجینئروھیب المطرفی کا کہنا تھا’ سمارٹ سسٹم میں شکایات یا اطلاع دینے کی سہولت بھی ہے جس کے تحت الیکٹریک وہیکلز تک پہنچنے اورسروس حاصل کرنے کو آسان بنایا گیا ہے۔‘
