Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کرکٹ کا ورک فرام ہوم‘ وہ معروف کرکٹر جن کا گھر سٹیڈیم میں ہی موجود ہے

کرکٹ میچز چاہے بین الاقوامی ہوں یا لوکل، پلیئرز کو پریکٹس سیشنز اور میچز کے لیے گراؤنڈز تک کی مسافت تو کرنی ہی پڑتی ہے۔
دنیائے کرکٹ کے ایک ایسے کھلاڑی بھی ہیں جن کا گھر ہی سٹیڈیم میں موجود ہے اور انہیں اکثر میچز کیلئے منفرد قسم کا ’ہوم ایڈوانٹیج‘ حاصل ہوتا ہے۔
میچ گراؤنڈ میں ہی گھر ہونا کسی بھی کرکٹر کے لیے خواب جیسا ہو سکتا ہے اور نیدرلینڈز ٹیم کے فاسٹ بولر ویوین کنگما یہ خواب جی رہے ہیں۔
ویوین کنگما کا گھر نیدرلینڈز کے شہر دی ہیگ کے سپورٹپارک ویسٹ ویلیٹ کرکٹ سٹیڈیم کے عقب میں واقع ہے جہاں نیدرلینڈز کی ٹیم ان دنوں آئرلینڈ اور سکاٹ لینڈ کے خلاف ٹرائ سیریز کھیل رہی ہے۔
ویوین کا گھر اس سٹیڈیم کے عقبی حصے میں ہے جو گراؤنڈ سے براہ راست جڑا ہوا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر نیدرلینڈز کرکٹ کے آفیشل سوشل میڈیا چینل نے حال ہی میں ایک ویڈیو اپ لوڈ کی ہے جس میں کنگما کو اپنے گھر سے نکل کر سیدھے گراؤنڈ میں داخل ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔
سیریز میں جہاں ویوین کنگما اس طرز زندگی سے لطف اندوز ہورہے ہیں وہیں اس کا اثر میچز میں ان کی بہتر کارکردگی سے بھی نظر آرہا ہے۔ نیدرلینڈز کے سکاٹ لینڈ کے خلاف پہلے میچ میں ویوین نے 4 وکٹیں حاصل کیں اور پلیئر آف دی میچ کا اعزاز بھی حاصل کیا۔
کنگما کی رہائشگاہ پر کرکٹ شائقین بھی خوب تبصرے کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ فینٹسی کھلاڑی اپنی پوسٹ میں لکھتے ہیں ’روزانہ سفر کیے بغیر وقت اور پیسہ بچانے پر بہت سے کرکٹرز کنگما سے جلتے ہوں گے۔‘

عاشر ولی نے لکھا ’انہیں ٹریول الاؤنس کی ضرورت نہیں پڑے گی‘۔

ایک اور صارف نے اپنی پوسٹ میں لکھا ’یہ تو بہترین ورک فرام ہوم کا سین ہے‘۔

ارن سنگھ نے لکھا ’یہ تو دفتر اور گھر سے ایک ساتھ کام کر رہے ہیں‘

کسی صارف نے مذاق کرتے ہوئے لکھا ’لگتا ہے مسز کنگما کو ہر میچ کے بعد بہت سے زیادہ چائے بنانی پڑتی ہوگی۔‘

ایک اور صارف نے لکھا ’امید کرتے ہیں کوئی زیادہ لمبے چھکے نہیں لگائے گا ورنہ گھر کی کھڑکیاں دروازے ٹوٹ جائیں گے۔‘

شیئر: