Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پانچ سکیورٹی اہلکار ہلاک، وزیراعظم کا ’دہشت گردی کے خلاف جنگ‘ جاری رکھنے کا عزم

وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ان کی حکومت دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھے گی۔
سرکاری میڈیا کے مطابق جمعے کو خیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرانے سے پانچ سکیورٹی اہلکار جان سے گئے۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کرم میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی دیسی ساختہ بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں پانچ اہلکار جان سے گئے۔
وزیراعظم شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے دہشت گردی کی کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے سکیورٹی اہلکاروں کے اہل خانہ سے تعزیت کی ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
صدر آصف علی زرداری نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔
9 جون کو ضلع لکی مروت میں سکیورٹی فورسز کی ایک گاڑی کو نشانہ بنایا گیا تھا جس میں ایک کیپٹن سمیت سات فوجی اہلکار جان سے گئے۔ 
پاکستان میں حالیہ برسوں میں شدت پسندوں کے حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔ جنوری 2023 میں پشاور میں شدت پسندوں کے ایک حملے میں کم از کم 101 افراد کو ہلاک ہوئے تھے، جن میں زیادہ تر پولیس اہلکار تھے۔ خودکش بمبار نے پولیس اہلکار کے بھیس میں پشاور کی پولیس لائن میں ایک مسجد پر حملہ کیا تھا۔

شیئر: