Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رونالڈو کے یوٹیوب پر ریکارڈز، شادی کی ’افواہیں‘ اور سعودی سیاحتی مقامات کی تعریف

اس سے قبل رونالڈو نے 90 منٹ میں 10 لاکھ سبسکرائبرز حاصل کیے تھے (فوٹو: یو آر کرسٹیانو یوٹیوب)
النصر فٹبال کلب کے کیپٹن اور سٹار فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو نے اپنا یوٹیوب چینل لانچ کرتے ہی متعدد ریکارڈز بنا لیے ہیں۔
نیوز ویب سائٹ میش ایبل انڈیا کے مطابق کرسٹیانو رونالڈو نے پہلے 12 گھنٹے میں اپنے یوٹیوب چینل پر 10 ملین سبسکرائبرز حاصل کر کے معروف یوٹیوبر مسٹر بیسٹ کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔
مسٹر بیسٹ 311 ملین سبسکرائبرز کے ساتھ دنیا کے سب سے زیادہ فالو کیے جانے والے یوٹیوبر ہیں اور انہوں نے اپنے 10 ملین سبسکرائبرز 132 دن میں حاصل کیے تھے۔ حال ہی میں مسٹر بیسٹ نے 272 ملین سبسکرائبرز کے حامل انڈین ریکارڈ لیبل ٹی سیریز کے یوٹیوب چینل کو پیچھے چھوڑا تھا۔

اس سے قبل رونالڈو نے یوٹیوب کا ایک اور ریکارڈ بھی قائم کیا تھا، ای ایس پی این یوکے کے مطابق رونالڈو کا یوٹیوب چینل پہلے 90 منٹ میں ایک ملین سبسکرائبرز حاصل کرنے والا دنیا کا پہلا چینل ہے۔
اس وقت رونالڈو نے اپنے چینل پر 19 ملین سے زائد سبسکرائبرز حاصل کر لیے ہیں۔ پرتگالی فٹ بالر نے اپنے خاندان کے ہمراہ چینل پر یوٹیوب گولڈن بٹن کو ان باکس کرتے ہوئے ایک ویڈیو بھی شیئر کی ہے۔ 
واضح رہے یوٹیوب گولڈ بٹن کریئٹرز کو 1 ملین سبسکرائبرز عبور کرنے پر ملتا ہے، جبکہ 10 ملین سبکسرائبرز عبور کرنے پر ڈائمنڈ، 50 ملین پر کسٹم پلے بٹن، 100 ملین پر ریڈ ڈائمنڈ پلے بٹن دیا جاتا ہے۔ 
39 سالہ سٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے گوگل کے ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب کو رواں سال 8 جولائی کو جوائن کیا تھا جبکہ 21 اگست کو رونالڈو نے ’UR Cristiano‘ کے نام سے اپنے یوٹیوب چینل پر متعدد ویڈیوز اپلوڈ کر کے باقاعدہ چینل لانچ کیا۔ 

اپنے چینل پر اپلوڈ کی گئی ایک ویڈیو میں رونالڈو اپنی گرل فرینڈ جیورجینا روڈریگوئز کے ساتھ موجود ہیں، ویڈیو کے ٹائٹل میں لکھا گیا ہے ’ہمارے بارے میں جانیں، کون جیتے گا؟‘ 
اس ویڈیو میں رونالڈو اپنی گرل فرینڈ کے ساتھ ’مسٹر اینڈ مسز‘ نامی گیم کھیل رہے ہیں اور انہیں اپنی بیوی کہہ کر پکار رہے رہیں، ساتھ ہی ساتھ فٹبال سٹار نے اپنے بائیں ہاتھ کی ایک انگلی پر انگوٹھی بھی پہن رکھی ہے۔ 
تاہم فٹبالر کے فینز اس بات کی قیاس آرائی میں مصروف ہیں کہ شاید رونالڈو جلد ہی شادی کرنے والے ہیں۔
ایک اور ویڈیو میں، جس کا عنوان ہے ’جب میں نے جنت کو دریافت کیا تو ایسا محسوس ہوا...‘، رونالڈو اس سال کے آغاز میں سعودی عرب میں اپنے خاندان کے ساتھ سینٹ ریگیس ’ریڈ سی‘ ریزورٹ کے دورے پر بات کر رہے ہیں۔
اس ویڈیو میں رونالڈو کا کہنا تھا ’سفر کرنا ہمیشہ خاص ہوتا ہے، لیکن اپنی فیملی کے ساتھ رومانوی جگہ کا ذکر ہو تو میں کہوں گا اس سال ایک جگہ نے ہمیں بہت حیران کیا اور جس سے ہم نے کافی لطف اٹھایا، اور وہ تھا بحیرہ احمر۔‘
رونالڈو نے مزید کہا ’میں سب کو کہوں گا بحیرہ احمر جیسی خوبصورت جگہ لازمی دیکھیں‘۔ 
بحیرہ احمر سعودی عرب کے مغربی ساحل پر واقع ایک پرتعیش سیاحتی مقام ہے۔
واضح رہے رونالڈو پہلے ہی سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر 917 ملین سے زائد فالوورز کے ساتھ دنیا کے مقبول ترین فٹ بالرہیں جس کی بدولت وہ پیڈ سپانسپرشپس کے لحاظ سے دنیا کے مہنگے ترین ایتھلیٹ تصور کیے جاتے ہیں۔
سپورٹس ویب سائٹ سپورٹس بائبل کے مطابق یوٹیوب چینل کے لانچ پر جاری کردہ پریس ریلیز میں رونالڈو کا کہنا تھا کہ اس یوٹیوب چینل کے ذریعے وہ اپنے فینز سے نہ صرف فٹ بال بلکہ اپنے خاندان، صحت، غذائیت، گیم کی تیاری، تعلیم اور کاروبار کے حوالے سے ویڈیوز شیئر کیا کریں گے۔
رونالڈو نے اپنے بیان میں کہا ’میں اس پروجیکٹ کو شروع کرنے پر بہت خوش ہوں، یہ ایک طویل عرصے سے میرے ذہن میں  تھا اور آخر کار ہمیں اسے حقیقت بنانے کا موقع ملا ہے۔‘
’میں نے ہمیشہ سوشل میڈیا پر مداحوں کے ساتھ اس طرح کے مضبوط تعلقات کا لطف اٹھایا ہے اور میرا یوٹیوب چینل مجھے ایسا کرنے کے لیے ایک اور بھی بڑا پلیٹ فارم فراہم کرے گا، فینز میرے بارے میں، میرے خاندان اور بہت سے مختلف موضوعات پر میرے خیالات جان پائیں گے‘۔
رونالڈوکے مطابق وہ اس چینل کے ذریعے اپنے ایسے پہلو ظاہر کریں گے جو زیادہ تر شائقین نے نہیں دیکھے ہوں گے۔
اس کے ساتھ رونالڈو مختلف موضوعات پر متعدد مہمانوں کی ایک انٹرویو سیریز بھی شوٹ کریں گے، ان مہمانوں کی شناخت کا ابھی اعلان ہونا باقی ہے۔
واضح رہے  رونالڈو سوشل میڈیا پر 500 ملین فالوورز کو عبور کرنے والے دنیا کے پہلے شخص تھے اور اب ان کی تعداد 900 ملین سے زیادہ ہے۔
فوربس کے مطابق رونالڈو سعودی کلب النصر سے سالانہ 200 ملین ڈالر کی تنخواہ لیتے ہیں جو کہ ان کی نائیکی، یونی لیور اور بائنانس جیسے سپانسرز سے ہونے والی 60 ملین ڈالر کی آمدنی سے بھی زیادہ ہے۔

شیئر: