پنجاب اور بلوچستان میں موسلادھار بارشوں کے ساتھ سیلاب کا خدشہ
پاکستان میں قدرتی آفات سے ٹمٹنے کے قومی ادارے (اینڈ ایم این اے) نے خبردار کیا ہے کہ بلوچستان اور پنجاب کے صوبوں میں موسلادھار بارش کے ساتھ سیلاب کا خطرہ ہے۔
این ڈی ایم این اے کا کہنا ہے کہ حالیہ مون سون بارشوں کے دوران مختلف واقعات میں ملک بھر میں 320 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ اگلے 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید بارشیں ہوسکتی ہیں۔
دوسری جانب محمکہ موسمیات نے بھی پیشن گوئی کی ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران سندھ، شمال مشرقی/جنوبی بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
محکمے کے اعلامیے میں کہنا تھا کہ شمال مشرقی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، بالائی خیبرپختونخوا،کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب، اسلام آباد، کشمیر، خیبر پختونخوا،بالائی /جنوب مشرقی سندھ، شمالی/جنوب مشرقی بلوچستان اورگلگت بلتستان میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقا مات پر موسلادھار بارش بھی ہوئی۔
دوسری جانب پی ڈی ایم این اے کے ڈائریکٹر جنرل عرفان علی کاتھیا کا کہنا ہے کہ موسلادھار بارشوں اور سیلاب کے خطرے کے پیش نظر مقامی انتظامیہ کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ ممکنہ سیلاب سے متاثر ہونے والے علاقوں سے محفوظ مقامات پر منتقل ہوجائیں۔
پی ڈی ایم اے کے بیان میں کہا گیا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب کے تقریبا تمام اضلاع میں بارشوں کا امکان ہے جس کے سبب دریاؤں میں پانی کی سطح میں اضافے کا خدشہ ہے۔