Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شارجہ: بلند و بالا عمارتوں میں آگ بجھانے کے لیے ڈرون استعمال ہوں گے

ڈرون 150 میٹر کی بلندی پر محض 18 سیکنڈ میں پہنچ جاتا ہے (فوٹو: امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات شارجہ میں فائرفائٹنگ کے لیے ڈرونز کے استعمال کے تجربات جاری ہیں۔ آئندہ برس سے شہری دفاع کے یونٹس کو آگ بجھانے کے لیے جدید ترین ڈرونز فراہم کر دیے جائیں گے۔
امارات الیوم  کے مطابق شارجہ شہری دفاع کے ڈائریکٹر کرنل سامی النقبی نے بتایا ’ڈرونز کے ذریعے فائر فائٹنگ کے تجربات کیے جا رہے ہیں جو کافی کامیاب رہے۔‘
’ڈرون 150 میٹر کی بلندی پر محض 18 سیکنڈ میں پہنچ جاتا ہے جو 40 منزلہ عمارت کی اونچائی کے مساوی ہے۔ جدید ترین ڈرونز کو پائپ کے ذریعے جس واٹر ٹینک سے منسلک کیا جاتا ہے اس میں 5 ہزار لٹر پانی ہوتا ہے۔‘
فائرفائٹنگ کے لیے استعمال ہونے والے ڈرون کے ذریعے 15 میٹر کی دوری تک پانی پھینکا جاسکتا ہے جبکہ ڈرون میں انتہائی حساس اور اعلٰی کوالٹی کے کیمرے بھی نصب ہیں جن کے ذریعے گراؤنڈ کنٹرولنگ یونٹ متاثرہ مقام کا جائزہ لینے کے بعد آگ بجھانے کی کارروائی بآسانی انجام دے سکتا ہے۔
کرنل النقبی کا کہنا تھا کہ آئندہ برس کی پہلی سہ ماہی میں دو ڈرونز فائر فائٹنگ یونٹس کو فراہم کیے جائیں گے جس کے لیے تیاریاں کی جا رہی ہیں۔
ڈرون کے علاوہ اس کے لیے دیگر لوازمات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے جس میں ہلکے وزن کا پائپ جو زیادہ پریشر برداشت کرنے کے قابل ہو اور آگ پر مخصوص پاؤڈر کا سپرے کرنے کے لیے دیگر یونٹ بھی تیار کیا جائے گا۔
فائرفائٹنگ کے لیے استعمال ہونے والے ڈرون کا وزن 27 کلو گرام ہے جو ایک بار چارج کرنے کے بعد 12 گھنٹے مسلسل کام کر سکتا ہے، ڈورن میں رات کو کام کرنے کے لیے فلاش لائٹ کا بھی انتظام موجود ہے۔

شیئر: