دبئی میں گاڑیوں کے انسپیکشن کے لیے آن لائن اپائنٹمنٹ کی سہولت
بزرگ شہریوں اور غیرملکیوں کو بکنگ کی ضرورت نہیں۔ (فوٹو الامارات الیوم)
دبئی میں روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) نے آزمائشی بنیادوں پر صرف القصیص اور البرشا سینٹرز پر گاڑیوں کے معائنے کے لیے پری بکنگ سروس کا آغاز کیا ہے۔
کار مالکان آر ٹی اے دبئی کی سمارٹ ایپ یا آر ٹی اے دبئی کی ویب سائٹ کے ذریعے اپنی گاڑیوں کا معائنہ کروانے کے لئے پیشگی اپائنٹمنٹ حاصل کرسکتے ہیں۔
الامارات الیوم کے مطابق آر ٹی اے مختلف چینلز کے ذریعے اعلی معیار کی خدمات تک رسائی اور سہولت فراہم کرکے گاڑیوں کے مالکان کی آسانی فراہم کرنا چاہتا ہے۔ اس سروس کی فراہمی سے گاڑیوں کے مالکان کی تجاویز اور مشاہدات سامنے آئیں گے جس کا مقصد خدمات کی فراہمی کے چینلز کو مزید بہتر بنانا ہے۔
دبئی روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کا کہنا ہے نئی سروس کا مقصد کار مالکان کو انتظار کی زحمت سے بچانا اور آبادی کے بڑے حصے کو فائدہ پہنچانا ہے۔ وہ کار مالکان جو آزمائشی مدت کے دوران بکنگ کے بغیر القصیص اور البرشاء سینٹر کا انتخاب کرتے ہیں ان سے 100 درھم چارج کیے جائیں گے۔
اس بکنگ سسٹم کے تحت آنے والی خدمات میں رینیول ٹیسٹ، رجسٹریشن ٹیسٹ، نمبر پلیٹس ٹیسٹ کے ساتھ ایکسپورٹ شامل ہیں۔ تاہم دیگر گاڑیوں کی ٹیسٹ سروسز تک بغیر بکنگ کے لیے رسائی حاصل کی جاسکتی ہے۔
آر ٹی اے کا کہنا ہے بزرگ شہریوں اور رہائشیوں دونوں میں سے کسی کو بھی گاڑی کے انسپیکشن کی خدمات بک کرانے کی ضرورت نہیں۔
القصیص اور البرشا سینٹرز امارات میں گاڑیوں کے انسپیکشن کے سب سے بڑے مراکز میں سے ہیں۔
آر ٹی اے پائلٹ مرحلے کے دوران دونوں مراکز کی کارکردگی کی قریب سے نگرانی اور جائزہ لے گی تاکہ سروس میں مزید بہتری کی نشاندہی ہوسکے۔
امارات کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز یو اے ای“ گروپ جوائن کریں