سیاحت کا فروغ، چین کے ویزا فری ممالک کی فہرست میں مزید 9 ملک شامل
پیر 4 نومبر 2024 11:29
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
چین میں اب 25 ممالک کے شہری بغیر ویزا کے سفر کر سکتے ہیں۔ (فوٹو: چائنہ بریفنگ)
چین نے ملک میں سیاحت اور بین الاقوامی تعلقات کے فروغ کے لیے ویزا فری ممالک کی فہرست میں مزید 9 ملک شامل کر لیے ہیں۔
ساؤتھ چائنہ مارننگ پوسٹ کے مطابق اب جنوبی کوریا، ناروے، فن لینڈ، سلواکیا، ڈنمارک، آئس لینڈ، اَندورا، موناکو اور لیکٹنسٹائن کے شہری چین میں بغیر ویزا کے داخل ہو سکیں گے۔
چین کی وزارت خارجہ کے مطابق 8 نومبر سے ان ممالک کے شہری کاروبار، سیاحت، خاندان کے لوگوں سے ملاقات یا ٹرانزٹ کے لیے چین میں ویزا کے بغیر داخل ہو سکیں گے۔
یہ پالیسی اگلے سال کے آخر تک نافذ رہے گی جس کے بعد چین کی ویزا فری فہرست میں کُل ممالک کی تعداد 25 ہو جائے گی۔
چین کورونا وبا کے بعد گزشتہ سال سے غیر ملکی شہریوں پر عائد سفری پابندیوں میں نرمی کر رہا ہے تاکہ ملک کی معیشت میں مثبت رجحان آئے اور امریکہ، یورپ اور ایشیائی ممالک کے ساتھ تناؤ کم کیا جا سکے۔
اس سے قبل فرانس اور جرمنی سمیت 16 ممالک کے شہریوں کو کاروبار، سیاحت، فیملی وزٹ اور ٹرانزٹ کے لیے 15 دن تک بغیر ویزے کے چین میں داخل ہونے کی اجازت تھی۔
دوسری جانب امریکہ، کینیڈا اور برطانیہ سمیت مزید 54 ممالک کے شہریوں کو چین کی 37 داخلی بندرگاہوں میں سے کسی ایک کے ذریعے ملک میں داخل ہونے اور بغیر ویزا کے 72 یا 144 گھنٹے تک قیام کرنے کی اجازت ہے، بشرط یہ کہ ان کے پاس کسی دوسرے ملک کا آن ورڈ ٹکٹ موجود ہو۔
نیشنل امیگریشن ایڈمنسٹریشن کے مطابق، سال کی پہلی ششماہی میں، ایک کروڑ 40 لاکھ سے زائد غیر ملکیوں نے چین کا دورہ کیا، جو کہ سال ہا سال 152 فیصد کا اضافہ ہے۔
اس سال جنوری سے جون تک 85 لاکھ سے زیادہ ویزا فری انٹریاں ریکارڈ کی گئیں، جو کہ اندرون ملک چین کے سفر کا 58 فیصد بنتا ہے۔
جولائی سے ستمبر کے عرصے کے دوران 81 لاکھ سے زائد غیر ملکیوں نے چین کا دورہ کیا۔ ان میں سے 49 لاکھ ویزا فری انٹریاں تھیں۔