Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹی20 کرکٹ کا نیا ریکارڈ، 272 رنز کے تعاقب میں پوری ٹیم 7 رنز پر ڈھیر

آئیوری کوسٹ ٹی20 کرکٹ کی تاریخ کا سب سے کم سکور بنانے والی واحد ٹیم بن گئی ہے۔ (فوٹو: آئی سی سی)
آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کوالیفائر میں نائیجیریا نے آئیوری کوسٹ کی پوری ٹیم کو 7 رنز پر آل آؤٹ کر کے 264 رنز سے شکست دے دی ہے۔
ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق اتوار کو  لاگوس میں کھیلے گئے میچ میں آئیوری کوسٹ نے 7 رنز پر آل آؤٹ ہو کر ٹی20 کرکٹ کی تاریخ کے کم ترین سکور کا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔
میچ کے آغاز میں نائیجیریا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 271 رنز بنائے۔
نائیجیریا کے پلیئر آف دی میچ سیلم سلاو 53 گیندوں پر 112 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ سلیمان رنسیوے نے 50 اور آئزک اوکپے نے 65 رنز بنائے۔ 
272 رنز کے تعاقب میں آئیوری کوسٹ کی ٹیم 7.3 اوورز میں صرف 7 سکور بنا سکی، جبکہ 7 بیٹرز صفر پر ہی آؤٹ ہوئے۔
آئیوری کوسٹ آئی سی سی مینز ٹی20 کی تاریخ میں واحد ٹیم بن گئی ہے جو ایک ہندسے کے سکور پر آل آؤٹ ہوئی۔
اس سے قبل ٹی20 میں سب سے کم ٹوٹل سکور کا ریکارڈ 10 رنز کا تھا جو رواں ستمبر میں منگولیا بمقابلہ سنگاپور اور گزشتہ سال سپین بمقابلہ عمان کے درمیان بنا تھا۔ 
دوسری جانب 264 رنز کی جیت نے ٹی20 میں نائیجیریا کو سب سے بڑے مارجن سے جیت کی فہرست میں نمبر 3 بنا دیا ہے۔
زمبابوے نے گزشتہ ماہ گیمبیا کو 290 رنز سے شکست دی تھی، اس کے بعد نیپال نے ستمبر 2023 میں ہانگزو میں ہونے والے ایشین گیمز میں منگولیا کو 273 رنز سے شکست دی تھی۔

شیئر: