عمان: شہزادی رجوہ کا ملکہ رانیہ کے ساتھ آرٹ گیلری کا دورہ
عمان: شہزادی رجوہ کا ملکہ رانیہ کے ساتھ آرٹ گیلری کا دورہ
منگل 26 نومبر 2024 19:53
یہ دورہ شہزادی رجوہ الحسین کی عوامی مصروفیات کا ایک اہم موقع تھا۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی نژاد اردن کی شہزادی رجوہ الحسین نے اتوار کو اپنی ساس ملکہ رانیہ کے ساتھ مل کر اپنی پہلی مشترکہ کاوش کے موقع پر عمان میں قائم آرٹ گیلری ’نقش کلیکٹیو‘ کا دورہ کیا۔
عرب نیوز کے مطابق اردن کی ملکہ رانیہ کی ٹیم نے دورے کے فوراً بعد انسٹاگرام پر پوسٹ کیا ہے ’ شاندار مقامی ڈیزائن اور دلکش دستکاری دیکھنے کے لیے رجوہ کے ساتھ بہت اچھا وقت گزرا۔‘
دونوں خواتین نے دورے کے موقع پر ایک آرٹ ورک ’وال رنر‘ کے سامنے کھڑے ہو کر تصویر بنوائی، یہ تصویر ڈیزائن کے کاموں اور آرٹ ورک کا شاہکار ہے۔
عمان میں قائم آرٹ گیلری ’نقش کلیکٹیو‘ کی بنیاد 2009 میں دو بہنوں نسیم اور نرمین ابودائل نے رکھی تھی۔
آرٹ گیلری نے میلان ڈیزائن ویک، عمان ڈیزائن ویک، ڈیزائن ڈیز دبئی اور سعودی ڈیزائن ویک جیسے قومی اور بین الاقوامی ایونٹس میں بھی شرکت کی ہے۔
یہ دورہ شہزادی رجوہ کی عوامی مصروفیات کا ایک اور اہم موقع تھا۔
شہزادی رجوہ کی اگست میں بیٹی کی ولادت کے بعد یہ دوسری عوامی مصروفیت تھی اس سے قبل انہوں نے گذشتہ ہفتے عمان میں 20ویں پارلیمنٹ کے پہلےعام اجلاس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی تھی۔
شہزادی رجوہ الحسین نے اس موقع پر جامنی رنگ کے لباس اور اس سے مماثلث کوٹ میں ایک ہی رنگ کے لباس کا انتخاب کیا۔
شہزادی رجوہ اپنی بیٹی شہزادی ایمان بنت الحسین کی ولادت کے بعد پہلی بار اکتوبر میں فیفا ورلڈ کپ 2026 کے کوالیفائنگ میچ کے دوران عوام کے سامنے آئی تھیں۔
ولی عہد حسین بن عبداللہ کی اہلیہ شہزادی رجوہ کے ہاں رواں سال 3 اگست کو پہلی بیٹی شہزادی ایمان کی پیدائش ہوئی تھی۔
اردن کے شاہ عبداللہ نے اپنی پوتی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر پوسٹ میں لکھا تھا ’ ہماری پہلی پوتی ایمان بنت حسین کی پیدائش پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں‘ عربی سے ترجمہ شدہ۔ میں پیارے بیٹے حسین اور رجوہ کو ان کی بیٹی کی پیدائش پر مبارکباد دیتا ہوں۔
شہزادی رجوہ نے رواں سال اپریل میں اپنی 30ویں سالگرہ منائی، وہ سعودی تاجر خالد بن موسیٰ بن سیف بن عبدالعزیز السیف کی بیٹی ہیں جو اس سال جنوری میں انتقال کر گئے تھے اور شہزادی رجوہ کی والدہ عزہ بنت نایف عبدالعزیز احمد السدیری ہیں۔