Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سوشل میڈیا پر لاشوں کی جھوٹی پوسٹیں کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی: وزیر اطلاعات

وفاقی وزیر نے کہا کہ جب بھی پاکستان ترقی کرنے لگتا ہے تو انتشار پھیلانے والے سرگرم ہو جاتے ہیں۔ فائل فوٹو: اے پی پی
پاکستان کے وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی والوں کا جھوٹ بے نقاب ہو چکا ڈی چوک میں خون کا ایک قطرہ نہیں گرا۔
سنیچر کو راولپنڈی میں پریس کانفرنس کے دوران وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ جنہوں نے لاشوں کی جھوٹی خبریں سوشل میڈیا پر پوسٹ کیں اُن کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
’ایک طرف انتشار اور تشدد کی سیاست ہے، بہت افسوس ہوتا ہے کہ اب لاشوں کی سیاست کی جا رہی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ جب بھی پاکستان ترقی کرنے لگتا ہے تو انتشار پھیلانے والے سرگرم ہو جاتے ہیں۔ ’ملک کی معیشت کو ٹھیک کرنا شہباز شریف کا مشن ہے۔‘
وزیر اطلاعات نے کہا کہ تین دن ہو گئے پی ٹی آئی والے لاشوں اور زخمیوں کی درست تعداد تک نہیں بتا سکے اور نہ ہی کوئی ثبوت پیش کر سکے۔ ’اب تین دن ہو گئے ہیں تحریک انصاف مظاہرین پر فائرنگ کی ویڈیوز سامنے نہیں لا سکی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’پی ٹی آئی والوں کو فوج کا فوبیا ہو چکا ہے اور یہ سپہ سالار کے خلاف جھوٹی پوسٹیں کر رہے ہیں۔‘
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ ’گنڈاپور ایک بزدل آدمی ہے، اُس کو بڑھکیں مارنے کا حق نہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے جو مظاہرین گرفتار کیے گئے اُن کا سپیڈی ٹرائل ہوگا اور کسی کو رہا نہیں کیا جائے گا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ ’غیرملکی میڈیا ایسے فوٹیجز چلا رہا ہے جو پرانی ہیں۔ وہ رینجرز اہلکار جن کے بچے یتیم ہو گئے ان کے حوالے سے تو پی ٹی آئی نے کوئی پوسٹ نہیں کی۔ غریب لوگوں کی موٹر سائیکلوں کو آگ لگائی گئی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ترقی کی راہ پر ہے۔ ’بیرون ملک سے مختلف وفود کا پاکستان آنا جانا شروع ہوا، سات ماہ میں اتنے وفود کبھی ملک میں نہیں آئے۔‘

پی ٹی آئی پورے خیبر پختونخوا کی نمائندگی نہیں کرتی: وزیر دفاع

پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی والے جس طرح بھاگے اس کی مثال نہیں ملتی۔ ’عمران خان کی اہلیہ اور علی امین گنڈاپور کارکنوں کو چھوڑ کر  بھاگ گئے۔‘
سنیچر کو سیالکوٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ’تین دن پہلے پی ٹی آئی نے پوری کوشش کی کہ ملک کی معیشت تباہ ہو جائے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کر رہا ہے، سٹاک ایکسچینج میں بہتری آئی ہے۔‘

خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی والے لاشوں کی سیاست کرتے ہوئے جھوٹ بول رہے ہیں۔ فائل فوٹو: اے پی پی

انہوں نے کہا کہ ’پشتون بھائیوں نے گزشتہ 77 برس میں پاکستان کی ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کیا۔ یہ چار بھائیوں کا گھر ہے جس کا نام پاکستان ہے۔‘
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ’بشریٰ بی بی نے کہا کہ میں تو ڈی چوک ہی جاؤں گی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اگر کسی صوبے میں چند لوگ شرپسندی کر رہے ہیں تو یہ وہاں کی پوری آبادی کی نمائندگی نہیں کرتے، یہ افراد بہت کم تعداد میں ہیں۔‘
خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی والے لاشوں کی سیاست کرتے ہوئے جھوٹ بول رہے ہیں۔ ’گنڈاپور ہزاروں سے شروع ہوئے، پھر 278 پر آئے اور پھر 40 پر آئے۔ بتائیں ان میں سے کس کو مانیں، ان کی لیڈرشپ کے آپس میں بیانات تک نہیں ملتے۔‘
وزیر دفاع نے صوبائی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’خیبر پختونخوا کے ضلع کرم کے علاقے میں افغان بارڈر کراس کر کے حملے ہو رہے ہیں، طالبان وہاں آ رہے ہیں مگر صوبائی حکومت کی اس پر کوئی توجہ نہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’کرم ایجنسی میں افغانستان سے مداخلت ہو رہی  ہے۔ یہ عدم استحکام کی سازش ہے، اوراس کی وجہ پی ٹی آئی ہے۔‘
خواجہ آصف نے الزام لگایا کہ ’پاکستان کے دشمنوں نے کے پی سے متعلق جو خواب دیکھا ہے پی ٹی آئی اس میں مدد فراہم کر رہی ہے۔ یہ صورتحال ناقابل قبول بھی ہے اور ناقابل برداشت بھی ہے۔‘

شیئر: