ریاض سیزن: ڈاگ فیسٹیول میں ’سلوقی نسل‘ کے شکاری کتوں کا میوزیم
ریاض سیزن: ڈاگ فیسٹیول میں ’سلوقی نسل‘ کے شکاری کتوں کا میوزیم
بدھ 4 دسمبر 2024 20:22
فیسٹیول میں مختلف نسل کے1000 سے زائد کتوں کو شوز میں شامل کیا گیا ہے۔ فوٹو عرب نیوز
ریاض سیزن کے تحت دوسری بار ڈاگ فیسٹیول منعقد کیا گیا ہے جس میں مختلف نسلوں کے کتے پالنے کے شوقین افراد کی شرکت کے ساتھ دیگر سرگرمیاں اور مقابلے شامل ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق ڈاگ شو میں خاص طور پر شکار کی غرض سے عرب خطے میں پالے جانے والے ’سلوقی نسل‘ کے کتوں پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔
ریاض سیزن 2024 کے تحت منعقد کیا جانے والا یہ ڈاگ فیسٹیول 2 دسمبر سے جاری ہے اور 7 دسمبر تک رہے گا۔
سعودی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق ڈاگ فیسٹیول میں مختلف نسل کے 1000 سے زائد کتوں کو مختلف قسم کے شوز میں شامل کیا گیا ہے۔
ڈاگ شو میں پانچ اہم کیٹیگریز میں مقابلے منعقد کیے جائیں گے جن میں سلوقی ریس، ایجیلیٹی ڈاگ ریس، ورکنگ ڈاگ ریس، ڈاگ بیوٹی کانٹیسٹ اور K9 شوز شامل ہیں۔
ڈاگ شو میں اپنے سفید منی ایچر پوڈل ’کلاوڈ‘ کے ساتھ موجود سارہ عبدالرحمان موجود تھیں، انہوں نے اپنے پالتو کتے کے کانوں اور پنجوں کو رنگیں کر رکھا تھا جو حاضرین کی توجہ کا مرکز بنا رہا۔
اس موقع پر سارہ نے بتایا وہ کلاوڈ کے ساتھ ریاض سیزن میں واک کے لیے آئی ہیں اور دیکھنا چاہتی ہیں کہ آج کی ڈاگ ریس میں مقابلہ کون جیتے گا۔
سارہ نے بتایا میں نے کلاوڈ کو نیا انداز دینے کے لیے ایک ایسے سیلون کا انتخاب کیا جہاں جانوروں کے بالوں کو قدرتی اجزا سے رنگ دیا جاتا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا ’عام طور پر اس نسل کے کتے سفید یا بھورے ہوتے ہیں تاہم میں اس کے لیے کچھ منفرد، نیا اور سٹائلش چاہتی تھی۔‘
فیسٹیول میں آنے والے بہت سے دیگر زائرین بھی اپنے پالتو جانوروں کے ساتھ شریک ہوئے۔
ڈاگ فیسٹیول میں عرب خطے میں شکار کی غرض سے پالے جانے والے سلوقی نسل کے کتوں پر خصوصی توجہ مرکوز ہے، سلوقی نسل کے لیے یہاں ایک میوزیم بھی خصوصی طور پر قائم کیا گیا ہے۔
سلوقی نسل کو دنیا کی قدیم ترین خالص نسلوں میں سے ایک ہے اور اسے مشرق وسطیٰ سے منسوب کیا جاتا ہے۔
ڈاگ میوزیم میں سلوقی نسل کی تاریخ اور علاقائی اہمیت کے بارے میں جاننے کے لیے نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔
ریاض سیزن کے تحت منعقدہ اس فیسٹیول میں دیگر دلچسپ سرگرمیوں کا بھی انتظام ہے جس میں زائرین کے لیے مختلف نسل کی بلیوں کے لیے ’کیٹ لاؤنج‘ بنایا گیا ہے جہاں کا رخ کرنے والے بلیوں کی حرکتوں سے لطف اندوز ہونے کے علاوہ ان کے ساتھ کھیل سکتے ہیں۔
ڈاگ کلب کے زیر نگرانی ڈاگ فیشن شوز اور مختلف مظاہرے پیش کئے جا رہے ہیں اس کے علاوہ دیگر سہولیات میں جانوروں کے لیے ہیلتھ کلینکس موجود ہیں تاکہ یہاں لائے جانے والے جانوروں کی مناسب دیکھ بھال کی جا سکے۔
ڈاگ فیسٹیول میں معروف ماڈلز کی ہارلے ڈیوڈسن موٹر سائیکلوں اور کلاسک کاروں کی نمائش بھی کی گئی ہے۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں