وہ تین غذائیں جو خون میں شوگر کی مقدار کو متوازن رکھ کہ آپ کو صحت مند بنا سکتی ہیں
منگل 20 جنوری 2026 22:47
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
جنگلی بلیو بیریز میں اینتھوسائننز کی مقدار بھی زیادہ پائی جاتی ہے (فائل فوٹو: پکسابے)
صحیح اور متوازن غذا مجموعی صحت پر گہرے مثبت اثرات ڈالتی ہے۔ صحت مند خوراک جسم کو توانائی فراہم کرتی ہے، ہاضمہ بہتر بناتی ہے، موڈ کو خوشگوار رکھتی ہے اور جسم کے دفاعی نظام کو مضبوط کرتی ہے۔
یہی نہیں بلکہ متوازن غذا جسم کو جلد صحت یاب ہونے میں بھی مدد دیتی ہے، جو طویل المدتی صحت کے لیے نہایت اہم ہے۔
اینڈوکرائنولوجسٹ ڈاکٹر الیسیا روہنلٹ نے حال ہی میں انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں انہوں نے تین ایسی غذاؤں کا ذکر کیا جو وہ روزانہ استعمال کرتی ہیں تاکہ ہارمونز، میٹابولزم اور خون میں شوگر کو متوازن رکھا جا سکے۔
اس پوسٹ کا کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ ’وہ تین غذائیں جو میں بطور ڈاکٹر روزانہ استعمال کرتی ہوں۔‘
فروزن جنگلی بلیو بیریز
ڈاکٹر الیسیا روہنلٹ کے مطابق جنگلی بلیو بیریز عام بلیو بیریز کے مقابلے میں چھوٹی ہوتی ہیں، جس کی وجہ سے ان کے چھلکے زیادہ ہوتے ہیں اور ان میں اینتھوسائننز کی مقدار بھی زیادہ پائی جاتی ہے۔
یہ مرکبات انسولین کی حساسیت بہتر بناتے ہیں، دماغی صحت کو سپورٹ کرتے ہیں اور جسم میں سوزش کم کرنے میں مدد دیتے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ جنگلی بلیو بیریز کو ان کے عروجِ پختگی کے وقت فریز کیا جاتا ہے، جس سے ان کے غذائی اجزا محفوظ رہتے ہیں۔ اس کے علاوہ یہ موسمی پھل نہ ہونے کے باوجود آسانی سے دستیاب بھی ہوتی ہیں۔
سرخ یا جامنی بند گوبھی
ڈاکٹر کے سرخ یا جامنی بند گوبھی مطابق آنتوں کی صحت انسولین ریزسٹنس اور وزن کو کنٹرول کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔
انہوں نے سرخ بند گوبھی کو میٹابولزم کے لیے ایک کم قدر کی جانے والی مگر انتہائی مفید غذا قرار دیا۔ سرخ بند گوبھی میں فائبر، پولی فینولز اور ایسے قدرتی مرکبات پائے جاتے ہیں جو آنتوں کی صحت بہتر بناتے ہیں، سوزش کم کرتے ہیں اور ہارمونز پر براہِ راست مثبت اثر ڈالتے ہیں۔
ڈاکٹر کے مطابق یہ سبزی ایسٹروجن میٹابولزم کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ انسولین کی حساسیت بھی بڑھاتی ہے۔
ایکسٹرا ورجن زیتون کا تیل
ایکسٹرا ورجن زیتون کا تیل بھی ڈاکٹر کی روزمرہ غذا کا لازمی حصہ ہے۔
ان کے مطابق خاص طور پر جب اسے کھانے کے ساتھ استعمال کیا جائے تو یہ انسولین لیول کم کرنے، انسولین کی حساسیت بہتر بنانے اور جسم میں سوزش کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔
انہوں نے ایک اہم مشورہ بھی دیا کہ زیتون کے تیل میں موجود صحت مند چکنائی خون میں شوگر کے اچانک اضافے کو سست کر دیتی ہے، جو بلڈ شوگر کنٹرول کرنے کا ایک آسان مگر اکثر نظرانداز کیا جانے والا طریقہ ہے۔
اس حوالے سے ڈاکٹر الیسیا روہنلٹ نے کہا ’یہ کوئی وقتی یا فیشن ایبل غذائیں نہیں بلکہ بلڈ شوگر کے توازن اور طویل المدتی صحت کے لیے بنیادی غذائی ذرائع ہیں جنہیں میں روزانہ استعمال کرتی ہوں۔‘
ایک اور انسٹاگرام پوسٹ میں ڈاکٹر نے وہ پانچ غذائیں بھی بتائیں جو وہ گروسری سٹور سے لازمی خریدتی ہیں۔ ان میں سرخ بند گوبھی، ایووکاڈو، بے بی سپینچ، فروزن جنگلی بلیوبیریز اور جنگلی طور پر پکڑی گئی الباکور ٹونا شامل ہیں۔
ڈاکٹر کے مطابق یہ غذائیں جسم میں سوزش کم کرنے، ہارمونز کو متوازن رکھنے اور بلڈ شوگر کو مستحکم رکھنے میں مدد دیتی ہیں۔
