پاکستان بحرین کے تعمیراتی شعبے کے لیے ہنرمند افرادی قوت بھیجے گا
او ای سی خواہشمند افراد کے لیے 18 دسمبر تک درخواستیں اور دستاویزات جمع کرے گا (فوٹو: اے ایف پی)
اوورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن (او ای سی)، وزارت سمندر پار پاکستانیوں اور انسانی وسائل کی ترقی کا ذیلی ادارہ بحرین میں تعمیراتی شعبے میں کام کرنے کے لیے ہنرمند اور غیرہنر مند افرادی قوت بھیجنا شروع کرے گا۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی نے جمعے کو رپورٹ کیا کہ گلف مارکیٹ پاکستان کی تقریباً 77 فیصد لیبر فورس کو راغب کرتی ہے۔ پاکستانی ورکرز کی اہم منزلیں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، عمان، کویت، بحرین اور قطر ہیں۔
بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ نے کہا کہ 2023 میں پاکستان کا اپنی افرادی قوت بھجنے کا سالانہ ہدف 10 لاکھ تک تھا۔
سرکاری اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ پاکستان نے 1971 سے اب تک تقریباً 50 ممالک میں ایک کروڑ 70 لاکھ افراد بھیجے ہیں۔
او ای سی پہلے ہی پاکستانی افرادی قوت کو دنیا کے 40 سے زائد ممالک میں برآمد کرنے میں سہولت فراہم کر رہا ہے اور بحرین کے تعمیراتی شعبے میں کام کرنے کے خواہش مند افراد کے لیے 18 دسمبر تک درخواستیں اور دستاویزات جمع کرے گا۔
اے پی پی کے مطابق ’دلچسپی رکھنے والے امیدوار بی ایس سی انجینیئرنگ / بی ٹیک / گریجویشن / ڈی اے ای سول کے ساتھ لیبارٹری مینیجر سمیت درج ذیل ملازمت کی پوزیشن کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ متعلقہ 5 سال کے تجربے کے ساتھ کم از کم 15 سال کا تجربہ ہونا چاہیے۔‘
دیگر اسامیوں میں لیبارٹری ٹیکنیشنز شامل ہیں جن کے پاس ایسوسی ایٹ انجینیئرنگ میں تین سالہ ڈپلومہ یا سائنس میں کم از کم کالج کی ڈگری ہو۔