Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لائیو: کراچی سے لاپتہ نوجوان مصطفیٰ عامر کی لاش مل گئی: پولیس

یہ لائیو پیج مزید اپڈیٹ نہیں کیا جا رہا ہے

 

اہم نکات:

  • ’سائبر جرائم کی روک تھام‘، غیرملکی سموں کے خلاف کریک ڈاؤن
  • کراچی میں ہیوی ٹریفک کی نقل و حرکت پر پابندی، نوٹی فکیشن جاری
  • انسانی سمگلنگ ترمیمی بل 2025 سینیٹ سے منظور
  • نو مئی واقعات، پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنان پر فرد جرم عائد
  • مجھے کیوں نکالا؟‘، شیر افضل مروت کے سوال پر ایوان میں قہقہے

 

کراچی سے لاپتہ ہونے والے نوجوان کی گاڑی سے لاش برآمد

مصطفیٰ عامر اغوا کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے جس میں پولیس کو حب چوکی سے جلی ہوئی گاڑی اور اس کے اندر سے نوجوان کی لاش مل گئی ہے۔
ڈی آئی جی ای آئی اے مقدس حیدر نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ چھ جنوری کو مصطفیٰ عامر لاپتہ ہوئے تھے اور سات جنوری کو مقدمہ درج ہوا۔ 25 جنوری کو مصطفیٰ کی والدہ کو اغوا برائے تاوان کی کال موصول ہوئی۔
انہوں نے بتایا کہ ’نیو ایئر نائٹ پر کوئی جھگڑا ہوا تھا۔ مصطفیٰ عامر کے دوست ارمغان نے انہیں کال کر کے اپنے گھر بلایا اور تشدد کا نشانہ بنایا۔‘
ڈی آئی جی سی آئی اے نے بتایا کہ پولیس نے 8 فروری کو ڈی ایچ اے میں ایک گھر پر چھاپہ مارا اور  ملزم ارمغان گرفتار ہوا جبکہ دوسرے ملزم شیراز بخاری کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ارمغان کے دو ملازمین کو بھی حراست میں لیا گیا۔
انہوں نے مزید  بتایا کہ مصطفیٰ عامر کو قتل کیا گیا اور لاش کو ڈگی میں ڈال کر حب چوکی لے جایا گیا۔ ’اب تک کی تحقیقات کے مطابق ارمغان اور شیراز نے گاڑی کو آگ لگائی۔ واقعے کی ساری تفصیلات سے ملزم شیراز نے آگاہ کیا ہے۔‘

ایف آئی اے کا غیرملکی سموں کے خلاف کریک ڈاؤن

ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ کا پاکستان کے مختلف شہروں میں غیرملکی سموں کی غیر قانونی خرید و فروخت کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل  ایف آئی اے سائبر کرائم وقار الدین سید نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ’پاکستان میں موبائل سمز کے غیر قانونی استعمال کے ذریعے نہ صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی مختلف قسم کے سائبر جرائم کا ارتکاب کیا جاتا ہے۔‘
ایف آئی اے کی سائبر کرائم انویسٹی گیشن ٹیموں نے یہ بھی مشاہدہ کیا کہ ’برطانیہ کی سمیں اس کے لیے زیادہ مقبول ہیں۔ اب تک 44 ملزمان کو گرفتار کرکے آٹھ ہزار 363 انٹرنیشنل سمز برآمد کی گئی ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ یہ سمیں مارکیٹوں میں آسانی سے دستیاب ہیں، ان کی پری ایکٹیویشن اور سستے نرخ ہیں۔
وقار الدین سید نے بتایا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز جیسے ٹِک ٹاک، انسٹا گرام، فیس بُک وغیرہ بھی آن لائن آرڈر دینے کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔ یہ سمیں ہوائی اڈوں کے ذریعے آنے والے مسافروں کے ذریعے غیر قانونی طور پر پاکستان لائی جاتی ہیں۔

ایف آئی اے کی انسانی سمگلروں کے خلاف کارروائیاں

ایف آئی اے گجرانوالہ زون نے انسانی سمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث ملزم کو شیخوپورہ سے گرفتار کر لیا ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزم نے شہری کو برطانیہ میں ملازمت کا جھانسہ دے کر 60 لاکھ روپے بٹورے۔ ملزم شہری کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہا اور روپوش ہو گیا تھا۔
دوسری جانب ایف آئی اے امیگریشن نے سینیگال سے براستہ ایتھوپیا کراچی پہنچنے والے پانچ مسافروں کو حراست میں لے لیا ہے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق مسافر موریطانیہ سے کراچی پہنچے۔ مسافر یورپ جانے کے لیے محمد افضل اور علی حسن نامی انسانی سمگلر سے رابطے میں تھے۔
موریطانیہ پہنچ کر انہوں نے مسافروں کو غیر قانونی طور یورپ بھجوانے کی کوشش کی تاہم، مسافروں نے غیر قانونی سفر کرنے سے انکار کر دیا اور واپس آ گئے۔
مسافروں کو ایجنٹوں کی نشاندہی کے لیے انسدادِ انسانی سمگلنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔ مسافروں کا تعلق وزیر آباد، منڈی بہاءالدین، گجرانوالہ اور سیالکوٹ سے ہے۔

پاکستان کے ساتھ ہر شعبے میں تعاون بڑھائیں گے: سعودی سفیر

سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی اور گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے  پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی و تجارتی تعاون کے مزید فروغ کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی اور گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی کراچی میں ملاقات ہوئی۔
رائل سعودی نیول فورسز کے کمانڈر وائس ایڈمرل محمد بن عبدالرحمن الغریبی بھی ملاقات میں موجود تھے۔
ملاقات میں سعودی عرب اور پاکستان کے برادرانہ تعلقات اور دوطرفہ بحری تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سعودی سفیر نے کہا کہ ’پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات تاریخی اور مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں، ہر شعبے میں تعاون بڑھائیں گے۔ ‘
 گورنر سندھ نے پاکستان اور سعودی بحری تعاون اور خطے میں استحکام کے لیے مشترکہ کاوشوں کو سراہا۔
انہوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی و تجارتی تعاون کے مزید فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔

کراچی میں ہیوی ٹریفک کی نقل و حرکت پر پابندی، نوٹی فکیشن جاری

کمشنر کراچی نے ہیوی ٹریفک کی سڑکوں پر نقل و حرکت پر پابندی کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔
کمشنر کراچی کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق رات 10 بجے سے صبح 6 بجے تک ہیوی ٹریفک کو شہر میں نقل و حرکت کی اجازت ہوگی۔
کنسٹرکشن مٹیریل لے جانے والی ڈمپر گاڑیوں اور مکسچر مشینوں کی نقل و حرکت پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔
کمشنر کراچی کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق شہر کے حدود میں ہیوی ٹریفک کی نقل و حرکت پر مکمل پابندی عائد کی جائے گی۔
’صرف ضروری سامان جیسے پانی، خوردنی تیل، مائع آکسیجن، مائع نائیٹروجن، میڈیکل گیسز اور زندگی بچانے والی ادویات وغیرہ لے کر آنے والی گاڑیوں کو نقل و حرکت اجازت ہوگی۔‘
نوٹی فکیشن کے مطابق ’یہ پابندیاں 60 دن تک جاری رہیں گی اور اس کا مقصد شہر کی سڑکوں پر ٹریفک حادثات کی روک تھام کرنا اور عوامی زندگی کو محفوظ بنانا ہے۔‘

نو مئی واقعات، پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنان پر فرد جرم عائد

نو مئی کو لاہور میں ن لیگ کا آفس جلانے کے دو مقدمات میں تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنان پر فرد جرم عائد کر دی گئی ہے۔
لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے کیس کی سماعت کی۔
ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، اعجاز چوہدری اور میاں محمود الرشید پر فرد جرم عائد کی گئی ہے۔
عدالت نے پی ٹی آئی رہنماؤں سمیت 31 ملزمان پر فرد جرم عائد کی ہے جبکہ مزید کاروائی کوٹ لکھپت جیل میں کرنے کا حکم دیا ہے۔

انسانی سمگلنگ کی روک تھام، ترمیمی بل 2025 سینیٹ سے منظور

سینیٹ نے انسانی سمگلنگ کی روک تھام اور بیرون ملک بھیک مانگنے میں ملوث افراد کو سخت سزائیں دینے سے متعلق بلز منظور کر لیے ہیں۔
سینیٹر شیری رحمان کی زیر صدارت سینیٹ کا اجلاس ہوا جس میں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے بل پیش کیے۔ دونوں بلز متفقہ طور پر منظور کر لیے گئے جبکہ کسی رکن نے مخالفت نہیں کی۔
بل پیش کرنے سے قبل وفاقی وزیر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ’غیر قانونی تارکین وطن لے جانے والی کشتیوں کے مسلسل حادثات ہو رہے ہیں۔ پاکستان سے عمرہ زائرین کی آڑ میں بھکاری بیرون ملک جا کر ملک کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں۔‘
پاکستان میں انسانی سمگلنگ، ٹریفکنگ اور غیرقانونی امیگریشن کے خلاف کارروائی کو مزید سخت کرنے کے لیے حکومت نے تین اہم ترمیمی بل سینیٹ میں پیش کرکے کمیٹی کے سپرد کیے تھے۔
نئے قوانین قوانین کے تحت ان جرائم میں ملوث افراد کو 3 سے 10 سال قید و جرمانے کی سزائیں دی جائیں گی جبکہ بیرون ملک بھیک منگوانے میں ملوث سرغنہ کو بھی سخت سزائیں دی جائیں گی۔

ایوان کی کارکردگی مایوس کن، پوائنٹ آف آرڈر نہ ملنے کی مذمت کرتے ہیں: بیرسٹر گوہر

تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ایوان کی کارکردگی مایوس کن ہے۔ ہمیں پوائنٹ آف آرڈر نہیں ملا جس کی مذمت کرتے ہیں۔‘
بیرسٹر گوہر نے پارلیمنٹ سے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم نے ہر ممکن کوشش کی کہ ایوان چلے۔‘
اپوزیشن رہنماؤں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان کی تاریخ میں یہ سب سے غیرموثر پارلیمان ہے۔ ‘

مجھے کیوں نکالا؟‘، شیر افضل مروت کے سوال پر ایوان میں قہقہے

پاکستان تحریکِ انصاف سے نکالے جانے والے شیر افضل مروت نے قومی اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ’میرا سوال اپنے ہی دوستوں سے ہے مجھے کیوں نکالا؟‘
اجلاس کے دوران شیر افضل مروت کی اسمبلی آمد پر حکومتی اراکین نے ڈیسک بجائے جس پر سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا کہ ’آپ لوگ انہیں مروا نہ دیجیے گا۔‘
سپیکر کی جانب سے سوال کی اجازت ملنے پر انہوں نے کہا کہ ’میرا سوال اپنے ہی دوستوں سے ہے مجھے کیوں نکالا؟‘
شیر افضل مروت کے سوال کے بعد ایوان میں قہقہے بلند ہوتے رہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے کہا کہ ’ان کا دماغ خراب ہے جو مجھے ڈسپلن سکھا رہے ہیں،اب میں ڈسپلن کی قید سے آزاد ہوِں۔‘
انہوں نے کہا کہ صوابی جلسے میں پہلی مرتبہ نعرے نہیں لگے۔ اگر جلسے میں سارے ورکرز میرے تھے تو پھر اگر نعرے لگے تو یہ میرا حق تھا۔‘

امریکہ کی جانب سے انڈیا کو جدید ہتھیاروں کی فراہمی کے اعلان پر تشویش ہے: دفتر خارجہ

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ’پاکستان کو امریکہ کی جانب سے انڈیا کو جدید ہتھیاروں کی فراہمی کے اعلان پر تشویش ہے۔‘
ہفتہ وار پریس بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا کہ ’کشمیر میں دو نوجوانوں کو شہید کیا گیا ہے جس کی پاکستان مذمت کرتا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کا دو روزہ سرکاری دورہ کیا۔ دورے کے دوران سائیڈ لائن میٹنگ بھی کی جس میں غزہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ سعودی عرب ،ایران، ترکیہ، قطر اور دیگر ممالک کے وزرائے خارجہ سے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ وزیر خارجہ نے اپنے ہم منصب سے غزہ کے حوالے سے بات چیت کیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اسحاق ڈار جلد اقوام متحدہ سیکیورٹی کونسل کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔

بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں بم دھماکہ، 11 کان کن ہلاک

بلوچستان کے ضلع ہرنائی کے علاقے شاہرگ میں دھماکے کے نتیجے میں 11 کان کن ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔
حکام کے مطابق واقعہ کوئٹہ سے تقریباً ڈیڑھ سو کلومیٹر دور ہرنائی کی تحصیل شاہرگ سے تقریباً سات کلومیٹر دور ٹاکری میں پیش آیا۔
ڈپٹی کمشنر ہرنائی حضرت ولی کاکڑ نے اُردو نیوز کو بتایا کہ ’کوئلہ کان کے مزدور پک اپ گاڑی میں سوار تھے اور سودا سلف خریدنے شاہرگ بازار کی طرف جا رہے تھے۔ گاڑی کو آئی ای ڈی بم کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔‘
ہرنائی لیویز کے مطابق نشانہ بننے والے اہلکاروں کا تعلق سوات سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں سے بتایا جاتا ہے۔
ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند کا کہنا ہے کہ ’واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔ ابتدائی شواہد سے لگتا ہے کہ دھماکا خیز مواد سڑک کنارے نصب کیا گیا تھا۔‘

حج فیس کی تیسری قسط جمع کرانے کی آج آخری تاریخ: وزارتِ مذہبی امور

وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ پاکستانی عازمینِ حج کے لیے حج فیس کی تیسری قسط جمع کرانے کی ڈیڈلائن آج جمعے کو ختم ہو رہی ہے۔
ریڈیو پاکستان نے وزارتِ مذہبی امور کے ترجمان محمد عمر بٹ کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا کہ عازمین کے حج کے واجبات کی تیسری قسط جمع کرانے کا آج آخری دن ہے۔
’سرکاری حج سکیم کے تحت عازمین حج سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے واجبات نامزد بینک برانچوں میں جمع کرائیں۔‘

پاکستان سمیت متعدد ملکوں کے 119 تارکین وطن امریکہ سے بے دخل

امریکہ نے پاکستانیوں سمیت مختلف ملکوں کے 119 افراد کو ملک بدر کرتے ہوئے فوجی طیارے کے ذریعے پانامہ بھیج دیا ہے، جہاں سے انہیں ان کے ملکوں میں بھیجا جائے گا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جمعرات کو صدر ہوزے راؤل مولینو نے کہا ہے کہ امریکی فضائیہ کا ایک طیارہ دارالحکومت پانامہ سٹی کے مغرب میں ہاورڈ ایئرپورٹ پر اترا، اور اس میں سوار 119 تارکین وطن کو ہوٹلوں میں منتقل کیا گیا۔
صدر مولینو نے کہا کہ ملک بدر ہونے والوں میں چین، پاکستان اور دیگر ایشیائی ممالک کے شہری شامل ہیں۔ اسی سلسلے میں جلد ہی امریکہ سے مزید طیارے بھی پہنچیں گے۔

سپریم کورٹ کے چھ نئے ججز نے عہدے کا حلف اُٹھا لیا

سپریم کورٹ کے6 نئے ججز نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔ حلف لینے والے ججز میں جسٹس عامر فاروق، جسٹس ہاشم کاکڑ، جسٹس اشتیاق ابراہیم، جسٹس شکیل احمد، جسٹس شفیع صدیقی اور جسٹس صلاح الدین پنہور شامل ہیں۔
اس کے علاوہ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے بھی بطور قائم مقام جج سپریم کورٹ حلف اُٹھایا۔ چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی نے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب سے حلف لیا۔
تقریب حلف برداری میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج محسن اختر کیانی، اٹارنی جنرل، وکلاء، لاء افسران اور عدالتی عملے نے بھی شرکت کی۔
سپریم کورٹ میں حلف برداری تقریب کے بعد جسٹس منصور علی شاہ نے صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کی۔
صحافی نے جب سوال کیا کہ ’سنا ہے آپ کے خلاف ریفرنس آ رہا ہے‘، تو انہوں نے کچھ یوں جواب دیا کہ ’ریفرنس جب آئے گا تب دیکھی جائے گی۔ کچھ غلط کیا ہی نہیں تو ریفرنس کا ڈر کیوں ہونا، اللہ مالک ہے۔ کسی سے کوئی ذاتی عناد یا اختلاف نہیں۔‘

پاکستان اقوام متحدہ کے ساتھ موسمیاتی تبدیلی پر کام جاری رکھے گا: وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ’پاکستان اقوام متحدہ کے ساتھ مختلف منصوبوں پر عملدرآمد سمیت موسمیاتی تبدیلی کے شعبوں میں اہم امور پر کام جاری رکھے گا۔‘
پاکستان میں اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔
وزیراعظم نے اقوام متحدہ کی کنٹری ٹیم کی جانب سے پاکستان میں جاری اہم کام کو سراہا اور پائیدار ترقی اور موسمیاتی تبدیلی کے شعبوں میں اقوام متحدہ کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے کلائمیٹ فنانسنگ ایک اہم جز ہے اور اس امید کا اظہار کیا کہ ترقی یافتہ ممالک اس سلسلے میں اپنے وعدوں کو پورا کریں گے۔

 

پاکستان میں کون سی کمپنیاں سستے موبائل فون فروخت کر رہی ہیں؟

پاکستان کی ضرورت کے 95 فی صد موبائل فونز اگرچہ مقامی طور پر ہی مینوفیکچر ہو رہے ہیں، لیکن اس کے باوجود ٹیکسز کی بھاری شرح عائد ہونے کی وجہ سے ان موبائل فونز کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہی رہتی ہیں۔
تاہم، مقامی مارکیٹ میں بڑی کمپنیوں کے کچھ ایسے موبائل فونز بھی دستیاب ہیں جن کی قیمتیں اُن کے معیار کے حساب سے خاصی کم ہیں، اور شہری ایسے موبائل فونز کی خریداری میں دلچسپی لے رہے ہیں۔
ان موبائل فونز میں گُوگل کمپنی کی پکسل سیریز، سام سنگ ایس اور نوٹ سیریز جبکہ آئی فون کے جے وی موبائل فونز شامل ہیں۔

لاہور میں کرپشن میں ملوث دو ایس ایچ اوز کے خلاف مقدمہ درج

لاہور پولیس میں کرپشن میں ملوث دو ایس ایچ اوز کے خلاف انہی کے تھانوں میں مقدمات درج کر لیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے شکایات موصول ہونے کا انکوائری کا حکم دیا تھا
ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق ایس ایچ او میاں سجاد نے منشیات فروشی میں ملوث ملزمان سے 17 لاکھ رشوت وصول کی۔
ایس ایچ او فیصل ٹاون سب انسپکٹر  سیلمان اکبر کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

مجھے کوئی خط نہیں ملا، اگر ملا تو پڑھے بغیر وزیراعظم کو بھجوا دوں گا: آرمی چیف

 پاکستان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی جانب سے ان کو لکھے گئے خطوط کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کوئی خط نہیں ملا ہے۔
جمعرات کے روز وزیراعظم ہاؤس میں ترک صدر رجب طیب اردوغان کے اعزاز میں دیے گئے ظہرانے کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ ’اگر خط ملے گا تو میں نہیں پڑھوں گااور اس کو وزیراعظم کو بھجوا دوں گا۔‘ 
جنرل عاصم منیر نے کہا کہ ’خط کی باتیں چالیں ہیں۔‘

 

شیئر: