جدہ میں ’ القریہ الیمنیہ‘ کا ثقافتی ماحول روایتی یمنی پکوان پیش کرتا ہے
ریستوران میں داخل ہوتے ہی یمنی لباس میں ملبوس عملہ خوش آمدید کہتا ہے۔ فوٹو عرب نیوز
جدہ کے حئی الاندلس میں قائم ’ القریہ الیمنیہ’ ایسا ریسٹورنٹ ہے جہاں بہترین یمنی ذائقے کے شوقین افراد کو پرسکون ماحول میں بہترین پکوان فراہم کرتا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق اگر آپ نئے اور منفرد ذائقوں کے شوقین ہیں تو ’یمنی ویلج‘ میں اصلی علاقائی دیسی یمنی کھانوں کا لطف اٹھائیں۔
ریستوران میں داخل ہوتے ہی آپ کو یمن کا مخصوص ماحول نظر آتا ہے، روایتی یمنی لباس میں ملبوس ویٹرز خوش آمدید کہتے ہیں۔
یہاں کے نمایاں پکوان میں جھینگا مغش، مٹن مغلغل، بکرے کی کلیچی ، متابق، ہلکی آنچ پر پکایا گیا چکن اور گائے کے گوشت کا سالن(فحسة) اور خوشبودار مصالحے دار چاولوں میں مٹن اور چکن کے ساتھ (رزمندی ) موجود ہے۔
ابتدائی طور پر گندم اور دالوں کا سوپ صحت افزاء اور مزیدار انتخاب ہے جس کے ساتھ قیمہ اور سفید پنیر سے بھرے سموسے تو آپ ضرور آزمائیں۔

ریسٹورنٹ کی ہر ڈش انتہائی مہارت سے تیار کی جاتی ہے نہ زیادہ چکناہٹ اور نہ ہی ذائقے میں کم۔جھینگامغش اور مٹن مغلغل خاص طور پر لذیذ ڈشز ہیں اور ان کا مزہ مہمانوں کو تادیر یاد رہتا ہے۔
کھانوں کو ایک خاص قسم کے روایتی پتھر کے برتن میں پیش کیا جاتا ہے، یہ برتن کھانے کی تازگی اور حرارت برقرار رکھنے کے لیے بنائے گئے ہیں۔ اس قسم کے برتن جازان کے علاقوں میں بھی عام طور پر استعمال ہوتے ہیں۔

القریہ الیمنیہ ریستوران اکثر مہمانوں سے بھرا ہوتا ہے لیکن یہاں کے مستعد اور خوش اخلاق عملے کی توجہ اور تیز ترین سروس حیرت انگیز ہے۔
نرخ نہایت مناسب ہیں جس کے باعث یہاں آنے والے زیادہ خرچ کیے بغیر خاندان بھر کے انتخاب کے ساتھ بہترین کھانوں سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔

خاص قسم کی تہہ دار بڑے سائز کی روایتی یمنی روٹی’ ملوح‘ کھانے کے ساتھ مفت مہیا کی جاتی ہے۔
ریستوراں میں مہمانوں کے لیے میٹھے میں ’مرسہ‘ ان کی خاص ڈش ہے جو روایتی انداز میں شہد ، گھی اور کریم میں کیلے ملا کر تیار کیا جاتا ہے اور تیار ہونے کے بعد اس پرکلونجی چھڑکی جاتی ہے جو عدنی چائے یا سعودی قہوے کے ساتھ نہایت مزیدار لگتی ہے۔

تین وسیع منزلوں پر مشتمل یمنی ویلج خاندان بھر کے لیے پُرلطف مقام ہے، چھت پر مخصوص نشست ہے جہاں مہمانوں کے لیے ثقافتی ماحول میں روایتی یمنی حقے کا انتظام ہے۔
ریستوراں کا اندرونی ماحول نہایت پُرسکون اور آرام دہ ہے، جہاں مٹی کے برتن، لکڑی کی کھڑکیاں اور چھت سے لٹکے مٹی کے لیمپ دیدہ زیب انداز میں یمنی ثقافت کے آئینہ دار ہیں۔
مزید تفصیلات کے لیےانسٹاگرام پر @yemenivillage وزٹ کریں۔
