Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وراٹ کوہلی نے محمد شامی کی والدہ کے پاؤں کیوں چھوئے؟

وراٹ کوہلی نے محمد شامی کی والدہ کے پاؤں چھوئے (فوٹو: انسٹاگرام)
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی تاریخی جیت کے بعد جہاں انڈین کھلاڑیوں کے جشن منانے کے مختلف مناظر سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کر رہے ہیں وہیں وراٹ کوہلی کی فاسٹ بولر محمد شامی کی والدہ کے پاؤں چھونے کی ویڈیو نے شوشل میڈیا دھوم مچا رکھی ہے۔
اتوار کو انڈیا کے چیمپئنز ٹرافی کے تیسرے ٹائٹل اپنے نام کرنے کے بعد تقریب تقسیم انعامات جاری تھی اور مختلف کھلاڑی اپنے انعامات وصول کر رہے تھے، اس دوران  وراٹ کوہلی محمد شامی کی والدہ انجم آرا کے قریب جاتے ہیں ان کے پاؤں چھوتے ہیں اور ان سے حال چال پوچھتے ہیں۔
محمد شامی انجری کے باعث ایک برس تک ٹیم سے آؤٹ تھے۔ تاہم انجم آرا ایک لمبے عرصے بعد اپنے بیٹے کو گلوبل ایونٹ میں پرفارم کرتے دیکھنے کے لیے سٹیڈیم میں موجود تھیں۔
وراٹ کوہلی کے محمد شامی کی والدہ کے پیر چھونے کے انداز کو انٹرنیٹ پر کافی پزیرائی مل رہی ہے جبکہ صارفین کی جانب سے کوہلی کے شامی کی والدہ کی عزت افزائی کے عمل کو  سراہا جا رہا ہے۔
ہندو سماج میں والدین اور خود سے بڑوں کے پاؤں چھونے کی روایت ہے، اس عمل کو ہندی میں آشیرواد کہتے ہیں۔
پاؤں چھونے والے فرد کے لیے بڑوں کی جانب سے دعاؤں اور نیک خواہشات کا اظہار کیا جاتا ہے۔
محمد شامی کی والدہ کے علاوہ دیگر کھلاڑیوں کی فیملیز بھی میچ دیکھنے کے لیے سٹیڈیم میں موجود تھیں۔
چیمپئنز ٹرافی جیتنے کے بعد وراٹ کوہلی سے متعلق ایک اور جذباتی لمحہ اس وقت دیکھنے کو ملا جب سٹار بیٹر میچ جیتتے ہی سٹیڈیم میں موجود اپنی اہلیہ اور بالی ووڈ اداکارہ انوشکا شرما سے ملاقات کے لیے سٹینڈ میں گئے اور اہلیہ کو گلے لگایا۔
یاد رہے کہ اتوار کو چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں انڈیا نے نیوزی لینڈ کو چار وکٹوں سے شکست دے کر ریکارڈ تیسری بار چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

 

شیئر: