ادارہ حرمین میں دینی امور کے سربراہ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے مکہ مکرمہ میں اپنے دفتر میں پاکستانی مسلح افواج کے نمائندہ وفد سے ملاقات کی۔
سبق نیوز کے مطابق پاکستانی مسلح افواج کے ارکان سعودی وزارت دفاع کے مہمان کے طور پر مملکت آئے ہیں جنہوں نے امام حرم شیخ السدیس سے خصوصی ملاقات کی۔
مقتطفات من كلمة معالي رئيس الشؤون الدينية بالمسجد الحرام والمسجد النبوي، الشيخ الدكتور: #عبدالرحمن_السديس أثناء استقباله قيادات القوات المسلحة الباكستانية "ضيوف وزارة الدفاع".#المسجد_الحرام#شهر_رمضان_المبارك#العلاقات_السعودية_الباكستانية… pic.twitter.com/RB68qfypkA
— رئاسة الشؤون الدينية بالمسجد الحرام والمسجد النبوي (@PRAGOVSA) March 13, 2025
اس موقع پر سعودی وزارت دفاع کے مشیر اور مسلح افواج میں دینی امور کے ڈائریکٹر جنرل کرنل مسفر آل عیسی کے علاوہ شیخ عبدالرحمن بن عبدالعزیز الحسینی بھی موجود تھے۔
شیخ السدیس نے اس موقع پر سعودی عرب اور پاکستان کے مثالی تعلقات کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ کہ دونوں ممالک کی قیادت کے پیش نظر امن کا حصول، ملت اسلامیہ کے مسائل کا حل اور استحکام ہے جس کے لیے مل کر کام کررہے ہیں۔

شیخ السدیس نے دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کے بارے میں مثال دیتے ہوئے کہا ’سعودی عرب اور پاکستان کے تعلقات ایک جسم، ایک سر اور 2 آنکھوں کی مانند ہیں‘۔
انہوں نے مملکت اور پاکستان کی جانب سے اسلام اور مسلمانوں کے لیے کی جانے والی خدمات کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ مملکت نے عالم اسلام کے مسائل کے حل کے لیے تمام بین الاقوامی فورمز پر مثالی نمائندگی کی۔ انہوں نے مشترکہ اسلامی عمل کو فروغ دینے کے حوالے سے پاکستان کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کو بھی سراہا۔