اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت خوش آئند، ’نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی‘ کا وزیراعظم کو خط
اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت خوش آئند، ’نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی‘ کا وزیراعظم کو خط
بدھ 24 دسمبر 2025 16:02
نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی نے پانچ سیاسی رہنماؤں کو رہا کرنے کی درخواست کی ہے۔ فائل فوٹو: سکرین گریب
پاکستان میں ’نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی‘ کے نام سے تین شخصیات نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کوٹ لکھپت جیل میں زیرِحراست تحریک انصاف کی سینیئر قیادت کو پیرول پر رہا کرنے کی درخواست کی ہے۔
بدھ کو ’نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی‘ کی جانب سے وزیراعظم کو بھیجا گیا یہ خط میڈیا کو بھی جاری کیا گیا۔
اس کمیٹی کے لیٹر ہیڈ پر جاری کیے گئے خط کے نیچے سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری، سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل اور سابق رکن قومی اسمبلی محمود مولوی کے نام لکھے گئے ہیں۔
کمیٹی کے وزیراعظم کو لکھے گئے خط کے مطابق ’مذاکرات کا بیڑا ہم نے اُس وقت اُٹھایا جب حکومت اور تحریک انصاف کسی قسم کی بات چیت کی حامی نہ تھیں، مگر آج وزیراعظم کی جانب سے واضح اور مثبت پالیسی بیان نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی کی مسلسل جدوجہد اور کوششوں کا نتیجہ ہے۔‘
خط میں کہا گیا ہے کہ ’یہ پیشکش ملک میں سیاسی استحکام، جمہوری تسلسل اور قومی ترقی کے لیے ایک سنہری موقع فراہم کرتی ہے، جسے فریقین کو ضائع نہیں ہونے دینا چاہیے۔‘
کمیٹی نے حکومت سے کوٹ لکھپت جیل میں زیرِحراست پی ٹی آئی کی سینیئر قیادت کو پیرول پر رہا کرنے کی درخواست کی ہے کیونکہ کمیٹی کے مطابق رہائی کے بعد رہنما مذاکراتی عمل میں مؤثر کردار ادا کر سکیں گے۔
نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی نے جن رہنماؤں کو رہا کرنے کی درخواست کی ہے اُن میں شاہ محمود قریشی، یاسمین راشد، محمود الرشید، اعجاز چودھری اور عمر سرفراز چیمہ کے نام شامل ہیں۔
’نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی‘ کی جانب سے وزیراعظم کو بھیجا گیا یہ خط میڈیا کو بھی جاری کیا گیا۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)
کمیٹی کے مطابق ’مذاکرات کی کامیابی کا دارومدار اعتماد سازی کے بامعنی اقدامات پر ہے۔ اعتماد سازی کے بغیر مذاکرات کا عمل کامیاب اور پائیدار نہیں ہو سکتا۔‘
تینوں سیاسی شخصیات کے خط میں کہا گیا ہے کہ مذاکراتی عمل کے ذریعے تمام فریق جامع ’چارٹر آف ڈیموکریسی‘ اور ’چارٹر آف اکانومی‘ پر اتفاق رائے پیدا کریں۔