امریکی سپر سٹار جینفر لوپیز نے جدہ میں فارمولا ون موٹر ریس ایف ون سعودی عرب کی گرینڈ پری کے دوران شائقین کی توجہ اپنی جانب مبذول کرلی۔
عرب نیوز کے مطابق ’دی کِس آف سپائیڈر وومن‘ کی اداکارہ اور گلوکارہ نے سنیچر کو پریکٹس سیشن میں شرکت کی۔ وہ ایک گلابی رنگ کے کیٹ سوٹ میں نظر آئیں۔
جینفر لوپیز نے ریس کے بعد کنسرٹ لائنم اپ کے ایک حصے کے طور پر سنیچر کی شب سٹیج پر اپنے مشہور ہٹس کےساتھ پرفارم کیا۔ اس کنسرٹ میں بین الاقوامی فنکار اشر، میجر لیزر، پیگی گو اور پارٹی نیکسٹ ڈور کے علاوہ عرب فنکار مروان پابلو، توولیت، ہشام عباس، مصطفیٰ عمار شامل تھے۔

دنیا کے بااثر فنکاروں میں سے ایک جینیفر لوپیز نے موسیقی، فلم اور ٹیلی ویژن کے شعبوں میں اپنی الگ پہنچان بنائی ہے۔
وہ واحد خاتون فنکارہ ہیں جنہوں نے بیک وقت امریکی باکس آفس اور میوزک چارٹس میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔
گلوبل باکس آفس میں ان کی فلمیں تین ارب ڈالر سے زیادہ کا بزنس کر چکی ہیں جبکہ ان کے آٹھ کروڑ سے زیادہ ریکارڈز فروخت ہو چکے ہیں اور ان کے گانوں کو بلین کی تعداد میں ویوز ملے ہیں۔