Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بنگلہ دیش کی سب سے بڑی ایئرلائن کی ڈھاکہ سے ریاض کے لیے پروازیں شروع

ریاض کا نیا روٹ ایئرلائن کی 14 ویں بین الاقوامی اور مشرق وسطیٰ کی چھٹی منزل ہے۔ (فوٹو: عرب نیوز)
بنگلہ دیش کی سب سے بڑی ایئرلائنز یو ایس بنگلہ ایئرلائنز نے سعودی عرب سفر کرنے والوں کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر ڈھاکہ سے ریاض کے لیے براہِ راست پروازیں شروع کر دی ہیں۔
خیال رہے یو ایس بنگلہ ایئرلائنز طیاروں کے اعتبار سے بنگلہ دیش کی سب سے بڑی ایئرلائن ہے۔
عرب نیوز کے مطابق یو ایس بنگلہ ایئرلائنز کی پہلی پرواز پیر کو حضرت شاہ جلال انٹرنیشنل ایئرپورٹ ڈھاکہ سے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے لیے روانہ ہوئی، جس میں 423 مسافر سوار تھے۔
مطابق یو ایس بنگلہ ایئرلائنز ہر ہفتے ڈھاکہ سے سعودی عرب کے لیے پانچ  فلائٹیں ایئربس 330 طیارے کے ذریعے چلائے گی۔
مستقبل میں ایئرلائنز کا ان پروازوں کو روزانہ کی بنیاد پر چلانے کا منصوبہ ہے۔
جنرل منیجر پبلک ریلیشینز یو ایس بنگلہ ایئرلائنز قمرالاسلام نے منگل کو عرب نیوز کو بتایا، ’آج بھی ہم مکمل بکنگ کے ساتھ فلائٹ چلا رہے ہیں۔ مشرق وسطیٰ کے کسی بھی منزل کے لیے پروازوں کی طلب رہتی ہے۔‘
’ہمیں مسافروں سے بہت اچھا رسپانس مل رہا ہے۔۔۔ جلد ہی اس روٹ پر روزانہ کی بنیاد پر پروازیں چلائی جائیں گی۔‘
ایئرلائن مشرق وسطیٰ کے لیے بڑھتی ہوئی سفری ڈیمانڈ سے فائدہ اٹھا رہی ہے۔
بنگلہ دیش سے سعودی عرب کے لیے پروازیں اتنی کم ہیں کہ وہ مملکت میں موجود تقریباً 30 لاکھ بنگلہ دیشی کارکنوں اور لاکھوں حج و عمرہ کے زائرین کی ضروریات کو پورا نہیں کر سکتیں۔

2010  میں قائم ہونے والی یو ایس بنگلہ ایئرلائنز نے اپنی فلائٹ آپریشنز کا آغاز ملکی پروازوں سے کیا تھا۔ (فوٹو: ایکس)

گذشتہ سال اگست میں یو ایس بنگلہ ایئرلائنز نے جدہ کے لیے روزانہ پروازیں شروع کیں۔ یو ایس بنگلہ ایئرلائنز  سعودی عرب کے لیے پروازیں چلانے والی پہلی اور اب تک واحد نجی بنگلہ دیشی ایئرلائن ہے۔
قمر الاسلام کا کہنا ہے  کہ ’ہمارا مقصد یہ ہے کہ ہم ان تمام مقامات کے لیے پروازیں شروع کریں جہاں بنگلہ دیشی تارکین وطن موجود ہیں۔‘
مستقبل قریب میں ہم دمام اور مدینہ کے لیے پروازیں شروع کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ اگلے سال تک یہ پروازیں شروع کر دی جائیں۔ کسی نئے سٹیشن کے لیے پروازیں شروع کرنے کے لیے چھ سے سات ماہ کی تیاری درکار ہوتی ہے۔‘
2010  میں قائم ہونے والی یو ایس بنگلہ ایئرلائنز نے اپنی فلائٹ آپریشنز کا آغاز ملکی پروازوں سے کیا تھا اور اب بین الاقوامی روٹس تک وسعت دی ہے۔
ریاض کا نیا روٹ ایئرلائن کی 14 ویں بین الاقوامی اور مشرق وسطیٰ کی چھٹی منزل ہے۔
انہوں نے مزید بتایا، ’ہم اس وقت دبئی، شارجہ، ابوظہبی، مسقط، اور دوحہ جیسے دیگر مقامات کے لیے بھی پروازیں چلا رہے ہیں۔‘
گذشتہ سال نئے ایئربس اے330  اور بوئنگ 737 طیاروں کے حصول کے ساتھ یو ایس بنگلہ ایئرلائنز فلیٹ کے اعتبار سے بنگلہ دیش کی سب سے بڑی ایئرلائن بن گئی۔
ان نئے اضافوں کے ساتھ یو ایس بنگلہ کے بیڑے میں اب 24 طیارے شامل ہیں، جب کہ قومی ایئرلائن ’بیمان‘ کے پاس 21 طیارے ہیں۔

 

شیئر: