Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’آئی فون 13 پرو جیسا رنگ؟‘، ڈیزائن لیک کے بعد آئی فون 17 پرو میں نئے رنگ کی افواہیں

ماج بو نامی لیکر نے آئی فون 17 سیریز کے مبیبہ لیک شدہ ڈیزائن اپنے ایکس اکاؤنٹ پر شیئر کیے ہیں۔ (فوٹو: x.com/@MajinBuOfficial)
رواں برس امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل اپنی نئی آئی فون 17 سیریز متعارف کروائے گی جو کہ ممکنہ طور پر ستمبر میں ہی لانچ کی جائے گی۔ 
گزشتہ کئی ماہ سے آئی فون 17 کے مختلف ماڈلز کے لیک شدہ ڈیزائنز انٹرنیٹ پر وائرل ہو رہے ہیں جس میں ایپل کے ڈیزائنز لیک کرنے والے مشہور لِیکرز نے تفصیلات شیئر کی تھیں۔ 
’نائن ٹو فائیومیک‘ ویب سائٹ کے مطابق حالیہ لیکس میں آئی فون 17 پرو کے ڈیزائن تو لیک ہوئے مگر یہ واضح نہیں تھا کہ نیا دکھنے والا آئی فون کس نئے رنگ میں متعارف کروایا جائے گا۔ 
واضح رہے ایپل ہر سال آئی فون کی سیریز میں ایک نیا ’سگنیچر‘ رنگ متعارف کرواتا ہے جو کہ اس برس کا سب سے زیادہ بکنے والا آئی فون تصور ہوتا ہے۔ 
آئی فون کے ہی ایک معروف لِیکر ’ماجن بو‘ نے اپنی ویب سائٹ پر ذرائع سے خبر دی ہے کہ اس سال ایپل کا آئی فون 17 پرو سکائی بلیو کے نئے رنگ میں لانچ کیے جانے کا امکان ہے۔ 
ماجن بو نے اپنی ویب سائٹ پر معلومات شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ’ایپل کی سپلائی چین سے جڑے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ آئی فون 17 پرو کے پروٹوٹائپس مختلف رنگوں میں بنائے گئے ہیں جن میں سکائی بلیو رنگ سگنیچر ہو سکتا ہے۔‘ 
ماجن کا کہنا ہے کہ ’پروٹو ٹائپ میں یہ سکائی بلیو رنگ آئی فون 13 پرو کے سیئرا بلیو سے کافی بہتر معلوم ہوتا ہے۔ اگر ایپل آخری لمحے میں تبدیلیاں نہیں کرتا تو یہ رنگ ستمبر 2025 کی لانچ تقریب کا چمکتا ستارہ ہوگا۔‘


معروف لیکر ماجن بو کے مطابق اگلے آئی فون کا نیا رنگ ’سکائی بلیو‘ ہو سکتا ہے۔ (فوٹو: x.com/@MajinBuOfficial)

آئی فون 17 پرو میں آسمانی نیلا رنگ لانچ کیے جانا اس لیے بھی دلچسپ ہوگا کیونکہ اس ہی برس ایپل نے میک بک ایم 4 ایئر بھی اس ہی رنگ میں لانچ کی ہے۔ 
یہاں یہ بات بھی قابل غور ہے کہ ایپل ایسا کم ہی کرتا ہے کہ وہ کسی پراڈکٹ میں لانچ کیا گیا نیا رنگ بعد میں آئی فون میں بھی متعارف کروائے۔ 
دوسری جانب اگر ماجن بو کی دی جانے والی معلومات کا ذکر کیا جائے تو پہلے بھی ان کی ایپل سے متعلق متعدد لیکس بعد میں مستند ثابت ہوئی ہیں جیسے کہ آئی فون 16 میں ’ڈیزرٹ ٹائٹینیم‘ رنگ، لیکن ان کا ٹریک ریکارڈ ہمیشہ بہترین نہیں رہا۔ 
ٹیکنالوجی اور گیجٹس میں دلچسپی رکھنے والے ماہرین اور صارفین ہمیشہ لیکس پر نظر رکھتے ہیں اور سوشل میڈیا پر مختلف پراڈکٹس پر چرچہ رہتی ہے، تاہم کسی بھی لیکس پر یقین کرنا قبل از وقت ہوتا ہے یہاں تک کہ کمپنی خود اس کی تصدیق نہ کر دے۔ 
نائن ٹو فائیو میک کے مطابق اگر آئی فون 17 پرو کی حالیہ لیکس پر نظر دوڑائی جائے تو اس میں نیا بیک کیمرا ڈیزائن، گلاس اور الومینم فریم، 48 میگا پکسل ٹیلی فوٹو لینز، 24 میگا پکسل سیلفی کیمرہ، 8k ویڈیو ریکارڈنگ، A19 پرو چپ، 12gb ریم، کسٹم ایپل وائی فائی 7 موڈیم، ویپر چیمبر کولنگ، اینٹی ریفلکٹو ڈسپل، 35 واٹ کی فاسٹ چارجنگ اور ریورس وائرلیس چارجنگ جیسے نئے فیچرز شامل ہوں گے۔ 

شیئر: