لائیو: ضلع پشین میں سی ٹی ڈی کی کارروائی میں 9 مبینہ دہشت گرد ہلاک
یہ لائیو پیج مزید اپڈیٹ نہیں کیا جا رہا ہے
اہم نکات:
-
انڈیا کی کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، قرارداد منظور
-
کینال منصوبے کا تنازع، مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس دو مئی کو طلب
-
انڈیا کی دہشت گردی کو ہتھیار بنانے کی کوشش علاقائی امن کے لیے خطرہ، سیکریٹری خارجہ
-
معاہدے کی معطلی کا اقدام جنگ کے مترادف ہو گا: ترجمان دفتر خارجہ
-
پنجاب میں ہِیٹ ویو کا خطرہ، پی ڈی ایم اے کی حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت
پشین میں سی ٹی ڈی کی کارروائی میں 9 مبینہ دہشت گرد ہلاک
بلوچستان کے ضلع پشین کے علاقے خانئی بابا میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کی کارروائی میں 9 مبینہ دہشت گرد مارے گئے ہیں۔
سی ٹی ڈی کے ترجمان نے بتایا کہ مارے جانے والے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ مارے جانے والے دہشت گرد متعدد مقدمات میں مطلوب تھے۔
ادھر پاکستان کی فوج کے ترجمان نے ایک بیان میں خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں چھ عسکریت پسندوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے۔
فوجی ترجمان کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں چار عسکریت پسند زخمی بھی ہوئے۔
پاکستان اور افغانستان نے تجارت اور روابط کے فروغ پر اتفاق

پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان نے تجارت اور روابط کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔
پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے اسلام آباد میں نیوز بریفنگ کے دوران بتایا کہ ’کابل کے دورے کے دوران نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے قائم مقام افغان وزیراعظم، قائم مقام افغان نائب وزیراعظم اور قائم مقام افغان وزیر خارجہ سے ملاقاتیں کیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’دونوں فریقین نے امن و سلامتی، عوامی رابطوں سمیت متعدد امور پر بات چیت کی اور دونوں ممالک کے عوام کے باہمی مفاد کے لیے دو طرفہ تجارت اور اقتصادی تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا۔‘
کینال منصوبے کا تنازع، مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس دو مئی کو طلب

وزیراعظم شہباز شریف نے مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس دو مئی کو طلب کر لیا ہے۔ یہ مشترکہ مفادات کونسل کا 52 واں اجلاس ہو گا جس کی صدارت وزیراعظم کریں گے۔
مشترکہ مفادات کونسل سیکرٹریٹ نے اجلاس کی طلبی کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔
اجلاس میں چاروں وزرائے اعلیٰ ، وفاقی وزرا، وفاقی سیکریٹریز اور چیف سیکریٹریز کو دعوت دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے گذشتہ روز کہا تھا کہ ’ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ جب تک مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں فیصلہ نہیں ہوتا، کوئی نئی نہر نہیں بنائی جائے گی۔‘
دریائے سندھ پر نہروں کے منصوبے کے حوالے سے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی میں گزشتہ چند ہفتوں سے شدید کشیدگی جاری تھی۔
حکومت کی جانب سے بارہا تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کے باوجود پیپلز پارٹی منصوبے کو مکمل طور پر ختم کرنے کے اپنے مطالبے پر مصر رہی۔
پہلگام حملہ، سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ کی سفارت کاروں کو بریفنگ

پاکستان کی سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ نے اسلام آباد میں مقیم مشن کے سربراہان اورسفارت کاروں کو پہلگام حملے کے بعد تازہ ترین پیش رفت سے آگاہ کیا۔
انہوں نے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے اہم نکات سے آگاہ کیا جس میں اس حملے سے پاکستان کو جوڑنے کے انڈیا کے الزامات کو واضح طور پر مسترد کیا گیا۔ سیکریٹری خارجہ نے خبردار کیا کہ ’انڈیا کی سیاسی فائدے کے لیے دہشت گردی کو ہتھیار بنانے کی کوششوں سے علاقائی امن اور سلامتی کو خطرہ ہے۔‘
انہوں نے انڈیا کے کسی بھی جارحانہ اقدام کا سختی سے جواب دینے کے پاکستانی عزم کا اعادہ کیا۔
پاکستان کو پہلگام واقعے سے جوڑنے کے الزامات مسترد کرتے ہیں: اسحاق ڈار

پاکستان اور انڈیا کے درمیان حالیہ کشیدگی پر سینیٹ میں قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی ہے۔ قراردار میں کہا گیا ہے کہ ’پاکستان انڈیا کی کسی بھی قسم کی جارحیت پر اپنی خودمختاری اور سالمیت کے دفاع کے لیے پوری طرح تیار ہے۔‘
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ’پاکستان کو پہلگام واقعے سے جوڑنے کے الزامات مسترد کرتے ہیں۔ انڈیا بدنیتی پر مبنی مہم چلا رہا ہے۔ انڈیا کی کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔‘
سینیٹ میں قرارداد پیش کرتے ہوئے نائب وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ ’سندھ طاس معاہدہ یکطرفہ معطل نہیں کیا جا سکتا۔ معاہدے میں لکھا ہے کہ اسے ختم کرنا ہے تو اتفاق رائے سے ہوگا۔‘
اسحاق ڈار نے سینیٹ میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ پانی 24 کروڑ پاکستانیوں کی لائف لائن ہے۔ پیش گوئیاں بھی کی جا رہی ہیں کہ مستقبل کی جنگیں پانی پر لڑی جائیں گی۔
انہوں نے بتایا کہ ’ہم نے انڈیا کے مقابلے میں دو اقدامات زیادہ کیے۔ ہم نے انڈیا کے ساتھ تمام تجارت معطل کر دی ہے۔ انڈین ایئرلائنز کے لیے ہم نے پاکستان کی ایئرسپیس بند کر دی ہے۔‘
پی آئی اے کی نجکاری براہ راست ٹی وی پر نشر کی جائے: وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنزکی نجکاری پر جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیراعظم کو نیلامی کے طریقہ کار، درکار مدت اور نیلامی میں شرکت کے لیے شرائط سے آگاہ کیا گیا۔
وزیراعظم نے پی آئی اے کی نجکاری مجوزہ معینہ مدت میں یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ’پی آئی اے کی نجکاری کے طریقۂ کار میں شفافیت کو مرکزی اہمیت دی جائے۔شفافیت یقینی بنانے کے لیے پی آئی اے سمیت آئندہ تمام سرکاری کمپنیوں کی نجکاری براہ راست ٹیلی ویژن اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر نشر کی جائے۔
کوئٹہ میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب دھماکہ، چار اہلکار جان سے گئے

کوئٹہ میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب دھماکے میں چار اہلکار جان سے گئے جبکہ تین زخمی ہو گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق واقعہ کوئٹہ سے تقریبا چالیس کلومیٹر دور پہاڑی علاقے مارگٹ میں پیش آیا۔ ایف سی کی بی ڈی ٹیم کلیئرنس کررہی تھی جسے نشانہ بنایا گیا۔ اس علاقے میں کوئلہ کان کی کانیں ہیں جن کی سکیورٹی کے لیے ایف سی اہلکار تعینات ہیں۔
پولیس کے مطابق دھماکے کے بعد علاقے میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔
انڈیا کے رویے سے عالمی امن کو نقصان ہوگا: ترجمان دفتر خارجہ

پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ’سندھ طاس معاہدے کی معطلی کا اقدام جنگ کے مترادف ہو گا۔ انڈیا کے رویے سے علاقائی امن و استحکام کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔‘
جمعے کو میڈیا بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا کہ انڈیا نے یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدے کو معطل کیا۔ واہگہ بارڈر پر ہر قسم کی آمدورفت بند کر دی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سارک سکیم کے تحت تمام انڈین شہریوں کے ویزے معطل کر دیے گئے ہیں۔ سکھ یاتریوں کو ویزہ معطلی سے استثنیٰ حاصل ہے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان حالیہ کشیدگی پر اپنے تمام دوست ممالک سے رابطے میں ہے۔ ابھی تک کسی ملک نے اس حوالے سے ثالثی کی بات نہیں کی۔‘
وزیر داخلہ کی صدر مملکت سے ملاقات، قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں پر بریفنگ

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کراچی میں صدر مملکت آصف علی زرداری سے اہم ملاقات کی اور انہیں پہلگام واقعہ کے بعد انڈیا کی طرف سے کیے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔
انہوں نے صدر آصف علی زرداری کو قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ صدر آصف علی زرداری نے قومی سلامتی کمیٹی کے اقدامات اور فیصلوں کو سراہا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’قومی سلامتی کمیٹی کے تمام فیصلے قوم کے دل کی آواز ہیں۔ پوری قوم سلامتی کمیٹی کے فیصلوں اور اقدامات کے ساتھ کھڑی ہے۔‘
’انڈیا کے ساتھ کھڑے ہیں،‘ امریکہ کا مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ

امریکی محکمہ خارجہ نے پہلگام حملے کے حوالے سے کہا ہے کہ امریکہ، انڈیا کے ساتھ کھڑا ہے اور دہشت گردی کے ہر اقدام کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔
محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران انڈیا کے زیرانتظام کشمیر کے علاقے پہلگام میں ہونے والے حملے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’اس گھناؤنے اقدام کے مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کرتے ہیں۔‘
بریفنگ کے دوران انڈیا کے پاکستان پر الزامات اور امریکہ کے ممکنہ کردار ادا کرنے سے متعلق سوال پر ترجمان کا کہنا تھا کہ، ’صورتحال تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے اور ہم قریب سے مانیٹر کر رہے ہیں لیکن اس موقع پر ہم کشمیر یا جموں کی حیثیت پر کوئی مؤقف نہیں اپنا رہے۔‘
پنجاب میں ہِیٹ ویو کا خطرہ، پی ڈی ایم اے کی حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت

گرمی کی لہر کے خدشے کے باعث پی ڈی ایم اے پنجاب نے محکمہ لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ کو مراسلہ جاری کر کے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔
جمعے کو جاری ہونے والے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ اربن سنٹرز، پبلک پارکس، کمیونٹی ہالز، یونین کونسل دفاتر، اور دیگر لوکل گورنمنٹ بلڈنگز میں عارضی اور مستقل کولنگ شیلٹرز کا انتظام کیا جائے۔
پی ڈی ایم اے نے کہا کہ مارکیٹس، بس سٹاپ، مذہبی عبادت گاہوں پر ہائیڈریشن پوائنٹس اور پانی کی دستیابی کے لیے انتظامات کیے جائیں۔ پبلک ٹوائلٹ، اور ہینڈ پمپس کو فعال رکھا جائے۔
کوئٹہ میں روٹی کی قیمت کم نہ کرنے پر تنازع، 150 سے زائد نان بائی گرفتار

کوئٹہ میں روٹی کی قیمت کم کرنے پر ضلعی انتظامیہ اور نان بائیوں میں تنازع پیدا ہوگیا ہے۔
پرائس کنٹرول کمیٹی نے روٹی کی قیمت 10 روپے کم کرکے 30 روپے کردی ہے جسے نان بائیوں نے ماننے سے انکار کردیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے سرکاری نرخ نامے پر عمل نہ کرنے پر سو سے زائد تندور سیل کرکے 168 نان بائیوں کو گرفتار کرلیا۔
وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے اقوام متحدہ کے زرعی وفد کی ملاقات

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے اقوام متحدہ کے زرعی وفد نے ملاقات کی جس میں پاکستان میں غذائیت، تجارت اور زرعی نظام میں اصلاحات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں اقوام متحدہ کی مدد سے خوراک کے نظام میں بہتری کے لیے نیا منصوبہ شروع کرنے پر اتفاق ہوا۔ خوراک کے نظام میں اصلاحات کے لیے سٹیرنگ کمیٹی اور تکنیکی ورکنگ گروپ بنانے کا فیصلہ کیا گیا
وزیر تجاورت جام کمال خان نے کہا کہ ’پاکستان میں غذائیت کی کمی اور غیر صحت بخش خوراک بڑا مسئلہ ہے۔ پاکستان کو مضبوط، پائیدار اور بین الاقوامی مسابقتی زرعی نظام کی طرف بڑھنا ہوگا۔‘
وزیر خزانہ کی واشنگٹن میں اہم مالیاتی اداروں کے حکام سے ملاقاتیں

وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے واشنگٹن میں عالمی مالیاتی فنڈ اور ورلڈ بینک کی سپرنگ میٹنگز کے دوران اہم مالیاتی اداروں، کریڈٹ ایجنسیوں اور عالمی کارپوریشنز کے ساتھ تعمیری ملاقاتیں کیں۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیرِ خزانہ نے ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے صدر ماساتو کانڈا سے ملاقات کی۔ وزیرِ خزانہ نے پاکستان کے ساتھ بینک کی دیرینہ شراکت داری اور ملک کی ترقی میں اس کے تعاون کو سراہا۔
موڈیز اور فچ کی ٹیم سے ملاقاتیں
وزیرِ خزانہ نے فچ ریٹنگز اور موڈی کے ساتھ علیحدہ ملاقاتیں کیں اور فچ کا شکریہ ادا کیا کہ اس نے پاکستان کی خودمختار ریٹنگ کو بی نیگیٹیو تک اپ گریڈ کیا۔ موڈیز کی ٹیم کے ساتھ ملاقات میں انہوں نے مضبوط اقتصادی اشارے جیسے کم افراط زر، مالی سرپلسز، اور ریکارڈ رمیٹنسز پر زور دیا جبکہ ٹیکس کی بنیاد کو وسیع کرنے کے لیے اصلاحات پر زور دیا۔
’ورلڈ بینک کو پاکستان کی ڈیجیٹل پالیسی سے آگاہ کیا‘
وزیرِ خزانہ نے ورلڈ بینک کے نائب صدر برائے ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن جناب سنگبو کم سے ملاقات کی اور پاکستان کی ڈیجیٹل پاکستان پالیسی کے تحت ہونے والی پیش رفت پر روشنی ڈالی۔
