انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں سعودی وزارت اسلامی امور کے زیرِ اہتمام منعقدہ پانچویں جسور نمائش کے تیسرے دن لوگوں کی زبردست شرکت دیکھنے میں آئی، ایک لاکھ پچاس ہزار سے زائد وزیٹرز آئے۔
عرب نیوز کے مطابق شرکا نے نمائش میں موجود مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے ماڈلز کو سراہا، جس میں دونوں مقدس مساجد کے بہترین تعمیراتی اور روحانی پہلوؤں کی عکاسی کی گئی۔
استقلال مسجد کمپلیکس میں منعقدہ اس نمائش میں ورچوئل ریئلٹی ٹیکنالوجی بھی شامل کی گئی، جس کے ذریعے وزیٹرز کو مقدس مقامات کا حقیقت سے قریب تر اور مکمل تجربہ فراہم کیا گیا۔

بہت سے وزیٹرز نے کنگ فہد کمپلکس کی جانب سے انڈونیشی زبان میں چھپنے والے قرآن مجید کے ہزاروں نسخے تقسیم کرنے کے اقدام کو سراہا۔
یہ نمائش سعودی عرب کی ان کوششوں کا تسلسل ہے جو ثقافتی اور تہذیبی تبادلے کو فروغ دینے کے لیے کی جا رہی ہیں۔ اس میں دونوں مقدس مساجد کی خدمت ،اعتدال اور توازن کی اقدار کو فروغ دینے کے مشن کو بھی دکھایا گیا۔
اس ایونٹ میں داخلہ مفت ہے اور یہ تین مئی تک جاری رہے گا۔