Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ویڈیو گیم جی ٹی اے 6 کی ریلیز تاخیر کا شکار، ’ہم آپ کے صبر کے لیے شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں‘

جی ٹی اے سکس 26 مئی 2026 کو ریلیز کی جائے گی (فوٹو: جی ٹی اے)
معرف ویڈیو گیم گرینڈ تھیفٹ آٹو (جی ٹی اے) وی آئی سکس کی ریلیز کی حتمی تاریخ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
’جی ٹی اے‘کی پیرنٹ کمپنی ’راک سٹار گیمز‘ نے جمعے کو انسٹاگرام پوسٹ میں اعلان کیا ہے کہ ’جی ٹی اے‘ کا نیا ویرژن سکس (چھ) اب آئندہ برس 26 مئی کو ریلیز کیا جائے گا۔
راک سٹار نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر لکھا کہ ’ہمیں بہت افسوس ہے کہ جی ٹی اے سکس آپ کی توقعات کے برعکس اب دیر سے ریلیز ہو گی، گرینڈ تھیفٹ آٹو سکس کے حوالے سے آپ کی دلچسپی اور جوش و خروش پر ہماری پوری ٹیم آپ سب کی بے حد مشکور ہے۔‘
’ہم آپ کی بے پناہ سپورٹ اور صبر کے لیے دل سے شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں اور آپ کو آگاہ کرنا چاہتے ہیں کہ ہم گیم کو مکمل کرنے میں مصروف ہیں۔‘
راک سٹار کا مزید کہنا تھا کہ ’ریلیز ہونے والی ہر ایک گیم کو لے کر ہماری ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ ہم آپ کی توقعات سے بڑھ کر کچھ پیش کر سکیں اور تاریخ گواہ ہے کہ گرینڈ تھیفٹ آٹو ہمیشہ ایسا ہی کرتی آئی ہے۔‘
’ہمیں امید ہے کہ آپ یہ سمجھ پائیں گے کہ ہمیں گیم مکمل کرنے میں اضافی وقت کی ضرورت ہے تاکہ گیم میں ہم وہ معیار فراہم کر سکیں جس کی آپ ہم سے توقع رکھتے ہیں اور جس کے آپ حقدار بھی ہیں۔‘
اس سے قبل راک سٹار گیمز کی جانب سے جی ٹی اے سکس کا ٹریلر ریلیز کرتے وقت اعلان کیا گیا تھا کہ جی ٹی اے سکس رواں برس 2025 کے اختتام تک ریلیز کی جائے گی۔
تاخیر کے باوجود گرینڈ تھیفٹ آٹو سکس کے لیے مداحوں کا جوش و خروش بدستور برقرار ہے۔ اس سے قبل گرینڈ تھیفٹ آٹو وی فائیو لانچ کے 11 سبرس بعد بھی گیمنگ پلیٹ فارمز پر چھائی ہوئی ہے اور سنہ2024 میں گیم سٹریمنگ پلیٹ فارم ٹوئچ پر سب سے زیادہ دیکھے جانے والی گیمز میں سرفہرست رہی ہے۔
راک سٹار نے ابھی تک جی ٹی اے سکس کا کوئی نیا ٹریلر یا گیم پلے کی مزید تفصیلات جاری نہیں کی ہیں تاہم سٹوڈیو کا کہنا ہے کہ گیم کے متعلق جلد ہی مزید معلومات شیئر کی جائیں گی۔

 

شیئر: