کون سے آئی فونز پر اب واٹس ایپ کام نہیں کرے گا؟
منگل 6 مئی 2025 10:37
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
پرانی آئی او ایس ڈیوائسز پر واٹس ایپ 5 مئی 2025 کے بعد غیر فعال ہوجائے گا۔ (فوٹو: پکسا بے)
پیغام رسانی اور رابطہ کرنے کے لیے استعمال کی جانے والی دنیا کی سب سے مقبول ایپ واٹس ایپ نے متعدد آئی فونز پر اپنی سپورٹ ختم کر دی ہے۔
میٹا کی ذیلی کمپنی واٹس ایپ کے ہیلپ سینٹر پر موجود تفصیلات کے مطابق پانچ مئی 2025 سے واٹس ایپ کی سروسز ان تمام ایپل ڈیوائسز پر معطل ہو جائیں گی جن کا آپریٹنگ سسٹم آئی او ایس 15.1 سے پرانا ہے۔
اس سے قبل واٹس ایپ آئی او ایس 12 اور اس سے جدید آپریٹنگ سسٹمز کے حامل آئی فونز پر استعمال کیا جا سکتا تھا۔
ویب سائٹ فائنینشل ایکسپریس کے مطابق تیزی سے تبدیل ہوتی ٹیکنالوجی اور بڑھتے سائبر سکیورٹی خطرات کے پیش نظر واٹس ایپ کا یہ فیصلہ صارفین کی آن لائن حفاظت یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔
تاہم کمپنی ان تمام آئی او ایس ڈیوائسز پر واٹس ایپ سپورٹ ختم کر رہی ہے جن میں ایپل اب ضروری سکیورٹی پیچ کے ساتھ اپ ڈیٹس فراہم نہیں کرتا۔
ان ایپل ڈیوائسز میں آئی فون فائیو ایس، آئی فون 6 اور آئی فون 6 پلس شامل ہیں۔
یہ آئی فونز آئی او ایس 15.1 کی اپ ڈیٹس حاصل نہیں کر پائیں گے جو ان میں واٹس ایپ چلانے کے لیے ضروری شرط ہے۔ ان ماڈلز میں آخری آئی او ایس اپ ڈیٹ 12.5.7 ہے اور اب ان میں دیگر اپ ڈیٹس موصول نہیں ہوں گی۔
آئی فون صارفین کو واٹس ایپ استعمال کرنے کے لیے کم سے کم آئی فون 8 یا آئی فون ایکس کی ضرورت ہوگی جن میں آئی او ایس 16 کا سافٹ وئیر اپ ڈیٹ موجود ہے۔
واضح رہے کہ ایپل نے آئی فون فائیو ایس، آئی فون 6 اور 6 پلس کو متروک قرار دے دیا ہے۔ ایپل ان آئی فونز کے لیے ’اوبسولیٹ‘ کی اصطلاح استعمال کرتی ہے جو سات سال کے عرصے سے فروخت نہ ہوئے ہوں۔ اور جب کوئی ایپل ڈیوائس متروک ہو جاتی ہے تو کمپنی اس کی تمام ہارڈوئیر سروسز فراہم کرنا بھی بند کر دیتی ہے۔
دوسری جانب اینڈرائیڈ صارفین کو واٹس ایپ استعمال کرنے کے لیے تاحال اینڈرائڈ 5.0 اور اس سے جدید آپریٹنگ سسٹم کی ضرورت ہوگی۔
