جدہ کی سٹی واک کے اندر ’دا گارڈن‘، ایک ڈائنامک زون ہے، جو یہاں آنے والے سیاحوں کو ایک ایسے سفر کی دعوت دیتا ہے جہاں ایڈونچر اورلطف آپس میں مل جاتے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق اس علاقے میں توانائی اور زندگی سے بھرپور مشاغل کے تین سٹیشن ہیں۔ تیز اندازی، کار ریس اور ریموٹ کنٹرول واٹر کرافٹ۔ اس سب کے پیچھے ایک خوبصورت پس منظر ہوتا ہے۔
’دا گارڈن‘ میں مقابلے کا جوش اور گھر سے باہر ہونے کا مزا باہم مل جاتے ہیں۔ رہائشیوں اور سیاحوں کو 14 جون تک ایسا ہی منظر دیکھنے کو ملے گا۔
خاندان کے ساتھ آ کر لطف اٹھانے کے اس مقام ’دا گارڈن‘ میں دنیا کی بہترین تفریح فراہم کی جاتی ہے جسے آنے والوں کی خواہشات کے مطابق اور تمام تفاصیل پر نظر رکھ کر تیار کیا جاتا ہے تاکہ لوگوں کا تجربہ بہتر سے بہتر ہو۔

اس ’گارڈن‘ میں سرسبز منظر ہیں، مصنوعی پانی کا خوبصورت بہاؤ ہے اور درختوں کی قطار والے راستے پر بیٹھنے کے لیے آرام دہ انتظام ہے۔ یہ سب سکون کے لمحات اور ایک زندہ دل ماحول کی صورت اختیار کر جاتا ہے۔
281 ہزار سے زیادہ سکوائر میٹر پر بنی سٹی واک میں کئی موضوعاتی ایریا ہیں جن میں ’کائرو نائٹس‘، ’ونڈر وال‘، ’ایڈوینچر لینڈ‘، اور ’ہارر ولیج‘ شامل ہیں۔
اس میں 77 دکانیں، 65 ریستوران اور کافی شاپس، 81 سپورٹس، 10 قسم کے تجربات اور تھیٹر یا میوزک سے متعلق کئی طرح کی پرفارمنسز شامل ہیں۔
سٹی واک کا مقصد جدہ کی ثقافتی زندگی کو کھانے اور پُرتفریح پیشکوں کے ذریعے یکجا کر کے لوگوں تک پہچانا ہے تا کہ علاقائی سیاحت کے لیے اس زون کی شناخت ایک منزل کے طور پر قائم ہو سکے۔