مملکت کے ٹیکنالوجی پویلین میں بھی وزیٹرز کے لیے دلچسپی کا سامان ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کی وزارت اسلامی امور نے مراکش کے ’مکہ پویلین‘ میں نایاب اسلامی مسودوں اور مطبوعات کے ایک ایسے چھپے ہوئے خـزانے کی نمائش کی ہے جس سے سعودی کلچر، تاریخ اور سائنسی گہرائی کی عکاسی ہوتی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق وزارت کی جانب سے یہ دوسری جسور نمائش ہے جو مراکش میں ہوئی جبکہ عالمی سطح پر یہ ساتویں نمائش ہے۔
مراکش کی وزارتِ اثاثہ و املاک اور اسلامی امور کے تعاون سے ہونے والی اس نمائش کا آغاز 10 مئی کو ہوا تھا اور 19 مئی تک جاری رہے گی۔
اس نمائش میں ’مکہ پویلین‘ میں اسلامی قانون اور لسانیات کے ایسے مسودے رکھے گئے ہیں جو سنگِ میل کی حیثیت رکھتے ہیں۔
نمائش میں رکھی گئی اہم چیزوں میں قرآنِ پاک کا 1839 کا ایک نسخہ ہے اور اصولِ فقہہ پر 1326 میں لکھی گئی ایک کتاب شامل ہے۔
نمائش میں وزیٹرز نے ان مسودات اور سعودی عرب کے علما کی کوششوں کی تعریف کی جن کے ذریعے اسلامی دانش کی اس میراث کا تحفظ کیا جا رہا ہے۔
انھوں نے وزارت کی ان کوششوں کو بھی سراہا جن کے تحت ایسے خزانوں کو دستاویزی صورت میں محفوظ کرنے کا ذمہ اٹھایا گیا ہے تاکہ یہ بے مثل میراث جدید نسل تک پہنچ سکے۔
نماش میں آنے والوں نے اس بات کی بھی تعریف کی کہ اس میراث کے بقا اور مستند ہونے، اور اس کی سائنسی اور تاریخ قدر قائم رکھنے کے لیے اہم کوششیں جاری ہیں۔
نمائش میں قرآنِ پاک کا 1839 کا ایک نسخہ بھی رکھا گیا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
علاوہ ازیں مملکت کے ٹیکنالوجی پویلین میں بھی نمائش میں شریک افراد کے لیے دلچسپی کا کافی سامان ہے۔
اس پویلین میں وزارت کی جانب سے جدید اور ڈیجیٹل ڈیوائسز کا استعمال کر کے اعتدال پسند اور متوازن انداز سے اسلام کی خدمت اور دعوت کے فروغ کو یکجا انداز میں دکھایا گیا ہے۔
ٹیکنالوجی پویلین میں نمایاں کیا گیا ہے کہ کیسے مصنوعی ذہانت کے ساتھ استعمال کی جانے والی ٹیکنالوجی اور ان اہم ڈیجیٹل پلیٹ فارموں اور ایپس کو استعمل کیا جا سکتا ہے جن میں حقیقت کو سمجھنے کے لیے انٹرایکٹیو سیشن، سمارٹ سلوشن جن سے قرآنِ پاک تک عالمی رسائی ممکن ہو سکے اور اسلامی دعوت کے مواد کو متنوع کمیونٹیوں کی ضرورت کے مطابق فراہم کیا جائے۔
وزارت کی جانب سے عالمی سطح پر ساتویں نمائش کا انعقاد کیا گیا ہے(فوٹو: ایس پی اے)
مدینہ میں واقع کنگ فہد قرآن پرنٹنگ کمپلیکس ‘ بھی اس نمائش میں شریک ہے اور قرآنِ پاک کی اشاعت کے سلسلے میں مملکت کی کوششوں کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔
اس کے پویلین میں مختلف سائز میں کمپلیکس کی مطبوعات اور ایڈیشن کی بھی جامع نمائش جاری ہے۔
ساتھ ساتھ یہاں اٹھہتر زبانوں میں قرآنِ پاک کے معانی کے منظور شدہ تراجم رکھے گئے ہیں جن کے علاوہ انتہائی عرق ریزی کے ساتھ نظرِ ثانی کے طریقۂ کار اور اشاعت کی جدید ٹیکنالوجی بھی متعارف کرائی گئی ہے جو اس کمپلیکس کو دوسروں سے ممتاز کرتی ہے۔