جدہ میں غیر معمولی گرمی، لہر کل بھی رہے گی
’یہ مشرقی ہوائیں منگل سے کمزور پڑنے لگیں گی اور ان کی جگہ بحیرہ احمر سے آنے والی شمال مغربی ہوائیں لیں گی‘ ( فوٹو: طقس العرب)
آج پیر کوجدہ شہر میں درجہ حرارت میں ایک غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جو بعض مقامات میں 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے۔
طقس العرب ویب سائٹ کے مطابق موسمیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اس موسم کا پہلا واقعہ ہے۔
ماہرین نے کہا ہے کہ ’شدید گرمی مشرق سے آنے والی ایک گھنی گرد و غبار کی لہر کے ساتھ نمودار ہوئی جس نے مکہ مکرمہ کے علاقے اور اس کے ساحلی مقامات، بشمول جدہ کو متاثر کیا ہے‘۔
ماہرین نے کہا ہے کہ ’گرمی میں اضافے کی بنیادی وجہ مشرقی سمت سے چلنے والی خشک ہواکی سرگرمی ہے‘۔
’ یہ ہوائیں سعودی عرب کے مشرق میں واقع انتہائی گرم اور خشک صحرائی علاقوں سے اٹھتی ہیں اور مکہ کی پہاڑیوں سے گزرتی ہوئی جدہ کی جانب آتی ہیں‘۔
’یہ مشرقی ہوائیں منگل سے کمزور پڑنے لگیں گی اور ان کی جگہ بحیرہ احمر سے آنے والی شمال مغربی ہوائیں لیں گی جو گرمی کی شدت میں کمی کا باعث بنیں گی‘۔