پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں جس کے بعد بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم سیریز کھیلنے پاکستان کا دورہ کرے گی۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اور صدر کے درمیان دبئی میں طویل ملاقات کے بعد بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کا فیصلہ ہوا۔
مزید پڑھیں
نئے شیڈول کے تحت پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان ٹی20 سیریز تین میچوں پر مشتمل ہو گی جبکہ اس سے قبل پرانے شیڈول کے تحت دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ میچز کھیلے جانا تھے۔
بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان تین ٹی20 میچز کھیلے جائیں گے۔ تینوں میچز لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ بنگلہ دیشی ٹیم کی آمد اور میچز کی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
محسن نقوی نے اس فیصلے پر بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اور صدر سے تشکر کا اظہار کیا ہے۔
پاکستان اور بنگلہ دیش کے کرکٹ بورڈز کے درمیان منگل کو دبئی میں مذاکرات ہوئے جو کامیاب رہے اور بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے ٹی20 کھیلنے کے لیے پاکستان آنے کا فیصلہ ہوا۔
اس سلسلے میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ناظم العابدین اور صدر فاروق احمد کے درمیان طویل ملاقات ہوئی۔
بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم کو 21 مئی کو پاکستان پہنچنا تھا، جہاں اس نے پہلے دو میچز فیصل آباد جبکہ باقی تین میچز لاہور میں کھیلنا تھے۔
تاہم پاکستان اور انڈیا کے درمیان کشیدگی کے پیش نظر یہ 25 مئی سے 3 جون تک شیڈول پانچ میچز پر مشتمل ٹی20 سیریز ملتوی کردی گئی تھی۔