سوشل میڈیا پر برا بھلا کہنا مہنگا پڑ گیا، تین خواتین کو 50 ہزار درہم جرمانہ اور قید
ایک خاتون نے اپنی تین دوستوں کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھا (فوٹو: امارات الیوم)
ابوظبی کی سول کورٹ نے تین خواتین کو سوشل میڈیا پر اپنی ساتھی کو برا بھلا کہنے کے جرم میں 50 ہزار درھم ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔
قبل ازیں کرمنل کورٹ کے فیصلے میں ہرجانے کے ساتھ تین ماہ قید کی سزا بھی سنائی تھی۔
امارات الیوم کے مطابق ابوظبی کی سول کورٹ میں ایک خاتون نے اپنی تین دوستوں کے خلاف مقدمہ دائر کیا جس میں کہا گیا تھا کہ تینوں نے اسے سوشل میڈیا پر مشق ستم بنایا اور برا بھلا کہا جس سے اس کی عزت نفس ہی مجروح نہیں ہوئی بلکہ اسے شدید ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔
نےعدالت سے درخواست کی کہ اسے ہرجانے کے طورپر ایک لاکھ درھم اور عدالتی اخراجات بھی ادا کرنے کا پابند بنایا جائے۔
عدالت نے تمام ثبوتوں کی روشنی میں تینوں خواتین کے خلاف فیصلہ صادر کرتے ہوئے انہیں اس بات کا پابند کیا کہ وہ مقدمے کے اخراجات اور 50 ہزار درھم ہرجانے کے طورپر ادا کریں۔
عدالتی فیصلے میں مزید کہا گیا کہ کیونکہ متاثرہ خاتون کو کسی قسم کا مالی نقصان نہیں ہوا اس لیے ہرجانے کے طور پر 50 ہزار درھم ہی ادا کیے جائیں۔
